Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور ہائی کورٹ میں توڑ پھوڑ کرنے پر وکیل گرفتار

لاہور میں پولیس نے ہائی کورٹ کی کاپی برانچ  میں توڑ پھوڑ کرنے اور شیشے توڑنے پر ماجد جہانگیر نامی ایک وکیل کو گرفتار کرلیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں کالے لباس میں ملبوس میں ایک شخص کو ڈنڈا اٹھائے شیشے توڑتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ مناظر لاہور ہائی کورٹ کی کاپی برانچ کے ہیں جہاں ماجد جہانگیر نے کسی فیصلے کی نقل تاخیر سے ملنے پر طیش میں آکر ڈنڈے سے تمام شیشے توڑ ڈالے۔
ہائی کورٹ میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے وکیل کو گرفتار کرلیا ہے۔ پنجاب پولیس کے ایک ترجمان نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ماجد جہانگیر کے خلاف مقدمہ درج کیا جاچکا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وکیل کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروایا گیا ہے اور بار کونسل کی جانب سے ان کا وکالت کا لائسنس بھی معطل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے منگل کے روز لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی نے تحفظ وکلا کانفرنس میں وکلاء کو ڈنڈا اٹھانے سے اجتناب کرنے اور قلم کی طاقت استعمال کرنے کی تلقین کی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین گرفتاری کے بعد ماجد کی ایک اور ویڈیو اپنی ٹائم لائنز پر شیئر کررہے ہیں جس میں وکیل کو سلاخوں کے پیچھے کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے علینہ شگری نامی صارف نے لکھا کہ ’کیا عوام جو سالوں عدالتوں کے دھکے کھاتے ہیں وہ بھی انصاف کے لیے ایسا ہی کیا کریں؟ یا جج صاحبان نے صرف وکلاء حضرات کو اس کام کی اجازت دے رکھی ہے؟‘

 

شیئر: