Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرینکا گاندھی نے یوگی آدتیہ ناتھ کے ’حقارت آمیز‘ تبصرے کے بعد دوبارہ جھاڑو اٹھا لیا

پرینکا گاندھی نے یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے حراست کے دوران سیتاپور گیسٹ ہاؤس میں فرش جھاڑنے پر ان کا مذاق اڑانے پر ردعمل ظاہر کیا۔(فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا کی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے یوگی آدتیہ ناتھ کے  ذات پات کی تفریق پر مبنی ’حقارت آمیز‘ تبصرے کے بعد دوبارہ جھاڑو اٹھا لیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعہ کو پرینکا گاندھی نے لکھنؤ میں دلتوں کے علاقے کا اچانک دورہ کیا اور جھاڑو اٹھا کر وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے حراست کے دوران سیتاپور گیسٹ ہاؤس میں فرش جھاڑنے پر ان کا مذاق اڑانے پر ردعمل ظاہر کیا۔
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ان کے ’ذات پرستانہ تبصرے‘ پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرینکا گاندھی نے ایک ٹویٹ میں اعلان کیا کہ پارٹی کی تمام ضلعی کمیٹیاں ہفتے کو والمیکی مندروں کی صفائی کریں گی۔
پریانکا گاندھی واڈرا کی حراست کے دوران فرش پر جھاڑو لگانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ’جنتا اس کو اسی لائق بنانا چاہتی ہے اور اسی لائق بنا دیا۔‘
انہوں نے ایک نجی ٹی وی نیوز چینل میں ایک پروگرام کے دوران کہا کہ ان لوگوں کے پاس پریشانی اور منفیت پھیلانے کے سوا کوئی کام نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ کے تبصرے کے جواب میں پرینکا گاندھی نے ایک دلت کالونی پر جا کر جھاڑو اٹھا کر کہا کہ یہ سادگی اور عزت نفس کی علامت ہے۔
کانگریس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ لو کش نگر کے باشندوں کے ساتھ گھل مل جاتے ہوئے کانگریس کی جنرل سکریٹری نے وہاں ایک مہارشی والمیکی مندر کے احاطے کی صفائی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کروڑوں خواتین اور صفائی ستھرائی سے متعلق ملازمین روزانہ جھاڑو استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے مندر میں دعا بھی کی۔
پرینکا گاندھی واڈرا نے لوگوں سے یہ بھی کہا کہ ’اس(یوگی) نے مجھے ایسا کہہ کر ذلیل نہیں کیا، اس نے آپ سب کو ذلیل کیا ہے کیونکہ کروڑوں دلت بھائی بہن ’صفائی کرمچاری‘ ہیں اور وہ یہ کام کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا ’میں یہاں آپ سب کے ساتھ صفائی کے کام کے لیے آئی ہوں اور یوگی جی کو بتاتی ہوں کہ صفائی اور جھاڑو استعمال کرنا عزت نفس کا کام ہے۔‘
انہوں نے ایک ٹویٹ میں دلت کالونی میں ایک احاطے کی صفائی کی ویڈیو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ’آج یوپی کے وزیراعلیٰ نے ذات پات پر مبنی بیان دے کر اپنی دلت مخالف ذہنیت ظاہر کی۔ کل یوپی کی تمام ضلعی کانگریس کمیٹیاں بھگوان والمیکی مندروں کی صفائی کریں گی۔‘
’انڈیا ملک کے کروڑوں دلتوں اور خواتین کی توہین برداشت نہیں کرے گا۔‘

شیئر: