Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز پاکستانیوں کی کون سی شکایات دوبارہ کھولی جائیں گی؟

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے زیر انتظام آنے والے محکموں کی 50 شکایات کو بھی دوبارہ کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے سٹیزن پورٹل پر درج کی گئی شکایات کے حل پر نظر ثانی کی ہدایت کر دی ہے۔  
وزیر اعظم ڈیلوری یونٹ کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے سٹیزن پورٹل پر درج کی گئی شکایات کو دوبارہ کھولنے کی ہدایت کی ہے، ان شکایات کو متعلقہ حکام کی جانب سے حل شدہ یا جزوی طور پر حل شدہ قرار دیا گیا تھا۔‘  
حکام کے مطابق وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کی چار ہزار سے زائد شکایات پر نظرثانی کے احکامات جاری کیے ہیں اور اس حوالے سے جائزہ رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔  

کون سی شکایات دوبارہ کھولی جائیں گی؟ 

وزیراعظم ڈیلوری یونٹ سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 650 سے زائد محکموں سے متعلق چار ہزار 112 شکایات پر نظر ثانی کی جائے گی۔ جن میں وفاقی حکومت کے 219 محکموں کے حوالے سے دو ہزار 439 شکایات جبکہ صوبہ پنجاب کے 308 محکموں سے متعلق ایک ہزار 237 شکایات کو دوبارہ کھولا جائے گا۔ 
وزیراعظم ڈیلوری یونٹ کے اعداد و شمار کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے 92 محکموں سے متعلق 213 شکایات، سندھ کے 45 محکموں سے متعلق 140 شکایات اور بلوچستان کے 10 محکموں سے متعلق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 20 شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔ 
اس کے علاوہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے زیر انتظام آنے والے محکموں کی 50 شکایات کو بھی دوبارہ کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کی چار ہزار سے زائد شکایات پر نظرثانی کا کہا ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز

وزیراعظم ڈیلوری یونٹ کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ان شکایات کو متعلقہ محکموں کی جانب سے حل شدہ یا جزوی طور پر حل شدہ قرار دیا گیا تھا۔ تاہم شکایت کنندگان نے محکموں کی جانب سے دیے گئے جواب پر اطمینان کا اظہار نہیں کیا تھا۔ اس وجہ سے وزیراعظم نے ان شکایات کا فوری طور پر ازالہ کرنے کے لیے نظر ثانی کے احکامات جاری کیے ہیں۔  

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کس نوعیت کی ہوتی ہیں؟  

پاکستان ڈیلوری یونٹ کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی زیادہ تر شکایات اراضی پر قبضہ یا پاسپورٹ اور امیگریشن سے متعلق ہوتی ہیں جن میں بعض اوقات ایسی شکایات ہوتی ہیں جس کے حوالے سے متعلقہ محکمہ کچھ نہیں کر سکتا۔ 

اوورسیز پاکستانیوں کی زیادہ تر شکایات اراضی پر قبضہ یا پاسپورٹ اور امیگریشن سے متعلق ہوتی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

حکام کے مطابق عدالت میں زیر التوا مقدمات کے حوالے سے متعلقہ محکمہ سے کی گئی شکایت پر سٹیزن پورٹل کوئی کارروائی نہیں کر سکتا اسی طرح ایسی شکایات جس کا تعلق پاکستان سے نہیں بلکہ دیگر ممالک سے ہوتا ہے اس حوالے سے بھی سٹیزن پورٹل کوئی کارروائی عمل میں نہیں لا سکتا۔‘  
وزیراعظم سٹریزن پورٹل پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے درج کی گئی شکایات میں سعودی عرب پہلے، امارات دوسرے جبکہ برطانیہ شکایات کی تعداد سے تیسرے نمبر پر ہے۔ 

شیئر: