Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فارمیسی اور ڈینٹسٹ کے شعبوں میں سعودائزیشن کے پیکج میں ترمیم کیا ہے؟

کم از کم تنخواہ کا اسکیل 7 ہزار ریال مقرر کیا گیا ہے(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی انجینیئر احمد سلیمان الراجیحی نے فارمیسی اور ڈینٹسٹ کے پیشوں کے لیے سعودائزیشن کے پیکیج میں ترمیم منظورکرتے ہوئے عمل درآمد کے احکامات دیے ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق دونوں پیشوں میں سعودائزیشن کے حوالے سے کم از کم تنخواہ کا سکیل سات ہزار ریال مقرر کیا گیا ہے۔ ترمیمی فیصلے پرعمل درآمد کے لیے 11 اپریل 2022 کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔
سعودائزیشن کے حوالے سے فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ فیصلہ مملکت میں نجی شعبے پر لاگو کیا جائے گا جس کا بنیادی مقصد مذکورہ شعبوں میں سعودی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں زیادہ سے زیادہ کام کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
مذکورہ فیصلہ ان  ڈینٹیسٹ کے شعبے سے متعلق ان اداروں پر لاگو ہوگا جہاں کارکنوں کی تعداد تین یا اس سے زائد ہے۔ ڈینٹسٹ کےلیے لازمی ہوگا کہ وہ سعودی سپیشلسٹ اتھارٹی سے پیشہ ورانہ امتحان پاس کرے۔ 
ایسے ڈینٹسٹ جن کے پاس اتھارٹی کی جانب سے امتحان پاس کرنے کا سرٹیفکیٹ نہیں ہوگا انہیں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
فارمیسی کے شعبے میں ایسے ادارے جہاں کارکنوں کی تعداد پانچ یا اس سے زائد ہے وہاں سعودائزیشن کا قانون لاگو کیا جائے گا۔ تاہم فارمیسی ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنا بنیادی شرط ہوگی۔

شیئر: