Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی انڈسٹریل ڈویلپمنٹ فنڈ نجی شعبے کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم

فنڈ نے کئی پروگراموں اور انیشیٹوز کو لانچ کیا ہے۔( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی انڈسٹریل ڈویلپمنٹ فنڈ (ایس آئی ڈی ایف) نے نجی شعبے کو بااختیار بنانے کے لیے اپنے سالانہ اجلاس کے ایک حصے کے طور پر کئی پروگراموں اور انیشیٹوز کو لانچ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق انیشیٹوز میں لینڈ، لاجسٹک لون،سپلائی چین فنانسنگ پروڈکٹ اور انڈسٹریل بزنس انکیوبیٹر پروگرام شامل تھے۔
نئی مصنوعات صنعتی، کان کنی، توانائی اور لاجسٹکس کے شعبوں کے لیے قومی صنعتی ترقی اور لاجسٹک پروگرام کے تحت ہیں جو کہ وژن 2030 پروگراموں میں سے ایک ہے۔
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف نے انکشاف کیا ہے کہ وژن 2030 کے آغاز کے بعد سے سعودی انڈسٹریل ڈویلپمنٹ فنڈ کی مجموعی مختص رقم 69 بلین ریال ہے جس میں سے 47 بلین ریال خرچ کیے گئے ہیں جو اس کے قیام کے پہلے 34 سال میں فراہم کردہ فنڈ کے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2030 تک 60 سے زائد لاجسٹک زون تیار کیے جائیں گے تاکہ برآمدات ای کامرس اور دوبارہ برآمدات آپریشنز کو سپورٹ کیا جا سکے۔
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل نے مزید کہا کہ فنڈ نے 2020 میں 17 بلین ریال کے 212 منصوبوں کی مالی اعانت کی جن میں سے 80 فیصد ایس ایم ایز کے لیے تھے۔
خیال رہے کہ سعودی انڈسٹریل ڈویلپمنٹ فنڈ اکیڈمی نے 2021 کے پہلے نصف حصے کے لیے 15 تربیتی پروگراموں کو مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ان تربیتی پروگراموں میں صنعتی ماحولیاتی نظام میں موجود 370 اداروں کے ایک ہزار 400 ٹرینی شریک ہوئے جن کی نمائندگی سرکاری اور نجی شعبے نے کی۔
اکیڈمی کے پروگرامز نو مقامی اور عالمی تربیت فراہم کرنے والوں کی شراکت میں منعقد ہوئے تھے جن میں فنانس، کاروبار، جدت طرازی اور ڈیجیٹلائزیشن کی خصوصی ہدایت بھی شامل ہے۔
یہ پروگرام دنیا کے بہترین تربیت فراہم کرنے والوں کے تعاون سے فراہم کیے گئے ہیں جن میں فلچ لرننگ، لندن بزنس سکول، سٹینفورڈ سینٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ اور سلیکون ویلی انوویشن سینٹر شامل ہیں۔
یہ کاوشیں صنعتی ماحولیاتی نظام کے اندر ملازمین کی صلاحیتوں کو بڑھانے، انہیں جدید ترین علم اور مہارت مہیا کرنے اور انہیں جدید پیشہ ورانہ پیشرفت کے ساتھ بااختیار بنانے میں اکیڈمی کے کردار کا ایک حصہ ہیں۔
2019 میں اپنے قیام کے بعد سے اس اکیڈمی نے 18 سے زیادہ مقامی اور عالمی تربیت فراہم کرنے والوں کی شراکت میں 35 پروگرام شروع کیے ہیں اور صنعتی ماحولیاتی نظام کے اندر 370 مختلف اداروں کے 3360 سے زائد ملازمین کو تربیت دی ہے۔

شیئر: