Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں: فواد چوہدری

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی سے متعلق تمام معاملاے طے پا چکے ہیں اور وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں۔
جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’جو بھی نکتہ نظر ہوتا ہے وہ مل بیٹھ کر طے ہوتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سول اور ملٹری کے درمیان تعلقات کی تاریخ کو میں نے خود دیکھا ہے۔ یہ تعلقات پہلے کبھی اچھے نہیں رہے۔ اب یہ تعلقات اچھے ہیں، اس کا کریڈیٹ یقیناً جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی جاتا ہے۔ فوج  کا وقار پورے پاکستان کو عزیز ہے۔‘
’وزیراعظم نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور اس پر پراسیس شروع ہو چکا ہے۔‘
قبل ازیں جمعرات ہی کو فواد چوہدری نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’مخصوص طبقہ اس معاملے پر جو کھیل کھیلنا چاہتا تھا وہ ناکام ہو چکا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اب یہ کہا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا انٹرویو کریں گے ان عہدوں پر تعیناتی سے قبل ملاقات ایک عمومی روایت ہے ایسے عمل کو بھی متنازع بنانا انتہائی نامناسب ہے۔‘

بعدازاں فواد چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’حالات الحمدللہ ٹھیک ہیں۔ فوج اور حکومت کے درمیان کوئی اختلاف نہیں سب ایک پیج پر ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہر بندہ ہر گھنٹے بعد اپنی مشہوری کے لیے بات ٹوئسٹ کر دیتا ہے۔‘
واضح رہے کہ وزیر اطلاعات نے بدھ کو کہا تھا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان آئی ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور نئی تقرری کا پراسیس شروع ہو چکا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کے لیے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں۔ 
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے کہا تھا کہ ’رات گئے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں ملاقات ہوئی جس میں معاملات اچھے انداز میں طے ہوئے۔‘

عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم چاہتے تھے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید مزید کچھ عرصہ ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رہیں۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)

منگل کے روز نجی ٹی وی چینل سما پر سینیئر اینکرپرسن ندیم ملک کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم چاہتے تھے کہ افغانستان کی صورت حال کے تناظر میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید مزید کچھ عرصہ ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رہیں۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ’نئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کے تقرر کے لیے وزارت دفاع سے تین سے پانچ نام آئیں گے جن میں سے وزیراعظم ایک نام کی منظوری دیں گے۔‘

شیئر: