Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیٹ فلکس نے پاکستانی صارفین کے لیے سبسکرپشن فیس کم کردی

پریمیم پیکچ کی فیس بالترتیب 1100 اور 800 روپے کردی گئی ہے (فوٹو اے ایف پی)
آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے پاکستانی صارفین کے لیے سبسکرپشن فیس میں چار سو روپے تک کی کمی کردی ہے جس کا اطلاق اگلے مہینے کی بلنگ سے ہوگا۔
سبسکرپشن فیس میں کمی کے بارے میں نیٹ فلکس کی جانب سے پاکستانی صارفین کو 14 اکتوبر کو ایک میل کر کے بتایا گیا۔ نیٹ فلکس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق سٹینڈرڈ اور پریمئیم پیکیج کی قیمتوں میں چار سو روپے کمی کی گئی ہے۔
اس سے پہلے پریمئیم پیکیج 1500 جبکہ سٹینڈرڈ 1200 میں دستیاب تھا، جن کی قیمت کم کر کے بالترتیب 1100 اور 800 روپے کردی گئی ہے۔
نیٹ فلکس چار قسم کے پیمنٹ پلان فراہم کرتا ہے، سٹینڈرڈ اور پریمئیم کے علاؤہ بیسک اور موبائل پلان بھی ہے جو بالترتیب 450 اور 250 روپے میں صارفین کو دستیاب ہیں۔
نیٹ فلکس سے جب اس بارے میں دریافت کیا گیا تو نمائندے مارک رینڈل کا کہنا تھا کہ کمپنی ابھی اس حوالے سے نہیں بتا سکتی کہ یہ کمی مستقل ہے یا کچھ مخصوص وقت کے لیے، البتہ یہ ضرور ہے کہ پاکستانی صارفین کے لیے خاص طور پر قیمتوں میں کمی کی گئی ہے تاکہ وہ بہتر سروس سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نیٹ فلکس نے گزشتہ ماہ کینیا میں اپنا موبائل سبسکرپشن پیکیج مفت کردیا تھا جس کا مقصد وہاں کی 20 ملین موبائل صارفین کی مارکیٹ کو حاصل کرنا بتایا جا رہا۔ اس آفر میں کینیا کے موبائل صارفین بنا کسی رقم ادائیگی کے بغیر نیٹ فلکس دیکھ سکتے ہیں البتہ اس سروس میں اشتہار آتے ہیں۔
یہاں یہ بات حیران کن ہے کہ نیٹ فلکس نے یورپیئن ممالک اور نیوزی لینڈ میں اپنی سبسکرپشن فیس میں اضافہ کیا۔ معلوم یہی پڑتا کہ نیٹ فلکس ترقی پزیر ممالک میں اپنی سروس سستی کر رہا ہے، لیکن ترقی یافتہ ممالک میں نہیں۔
سبسکرپشن فیس میں کمی کی ای میل موصول ہونے کے بعد کئی صارفین نے ٹوئٹر کا رخ کیا اور اس حوالے سے اپنے تاثرات دیے۔ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ قیمت اس لیے کم کی گئی کہ لوگ خود اپنا اکاؤنٹ بنوا لیں اور دوسروں سے پاس ورڈ مانگنا ختم کریں۔

شیئر: