Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی وزیر دفاع کے بحیرہ اسود کے خطے کے دورے کا مقصد کیا؟

امریکی وزیر دفاع 21 اور 22 اکتوبر کو برسلز میں نیٹو اجلاس میں شرکت کریں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن بحیرہ اسود کے خطے میں اپنے تین اتحادیوں سے ملاقات کے پہلے مرحلے میں جارجیا پہنچ گئے ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد روس کی جانب سے خطرے کے خلاف امریکہ کے تعاون کا پیغام دینا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لائیڈ آسٹن 2014 کے بعد جارجیا کا دورہ کرنے والے پہلے پینٹاگون چیف ہیں۔ اس دورے کے دوران ان کی کوشش ہوگی کہ جارجیا میں امریکہ کے فوجی ٹریننگ پروگرام کی تجدید کریں اور امریکہ کے تعاون کی یقین دہانی کروائیں۔ جارجیا وہ ملک سے جو سالوں سے نیٹو کا مکمل رکن بننے کی کوششیں کر رہا ہے۔
لائیڈ آسٹن اپنے تین اتحادیوں، یوکرین، جارجیا اور رومانیہ کا افغانستان میں دو دہائیوں تک چلنے والی جنگ میں کردار ادا کرنے پر شکریہ بھی ادا کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی وزیر دفاع 21 اور 22 اکتوبر کو برسلز میں ہونے والے نیٹو اجلاس میں شرکت سے قبل ان تین ممالک کا دورہ کر رہے ہیں۔
دورے سے قبل ایک سینیئر امریکی دفاعی افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم ان ممالک کو خودمختاری کا یقین دلا رہے ہیں اور اسے تقویت دے رہے ہیں، جو روسی جارحیت کا شکار ہیں۔‘
جارجیا، رومانیہ اور یوکرین نیٹو کی حدود میں آتے ہیں۔ رومانیہ نیٹو کا مکمل رکن ہے جبکہ جارجیا اور یوکرین نیٹو کی شراکت دار ریاستیں ہیں۔
یہ تینوں ممالک بحیرہ اسود کے کنارے پر واقع ہیں، جہاں روس اپنا اثر و رسوخ قائم کرنے اور امریکی-یورپی اتحاد، اور نیٹو کی توسیع کو روکنے کے لیے کوشاں ہے۔
روس نے یوکرین کے علاقے کریمیا پر قبضہ کر لیا ہوا ہے اور جارجیا کے علاقے ابخازیہ اور جنوبی اوسیتیا میں اپنی فوج تعینات کر دی ہے۔ جبکہ یوکرین کیو کے مشرق میں روس کے حامی علیحدگی پسندوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔ اس تنازع نے 13 ہزار جانیں لے لی ہیں۔
جون میں روسی فوجیوں سے کریمیا کے قریب سے گزرنے والے ڈچ اور برطانوی جنگی جہازوں کو خطرہ تھا۔

جارجیا میں ہزاروں مظاہرین سابق صدر اور اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری کے خلاف سڑکوں پر آگئے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

لائیڈ آسٹن جارجیا میں وزیراعظم آیرکلی غریباشویلی اور وزیر دفاع جوانشر برچولڈزے سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کا مقصد دفاعی تعاون کو قائم رکھنے سے متعلق ہوگا کیونکہ رواں برس تین سالہ امریکی فوج کے ٹریننگ پروگرام کی معیاد ختم ہو رہی ہے۔
جارجیا میں امید ظاہر کی جارہی ہے کہ لائیڈ آسٹن کے دورے سے اس کے نیٹو کے مکمل رکن بننے کے امکانات بڑھیں گے۔
جارجیا کے وزیر خارجہ ڈیوڈ زلکالیانی کا بدھ کو کہنا تھا کہ یہ دورہ ’جارجیا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت، مستحکم اور جمہوری ترقی اور ملک کے یورو بحر اوقیانوس کے اہداف کے لیے امریکہ کا ایک اور واضح پیغام ہوگا۔‘

رومانیہ میں سیاسی بحران جاری ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

یوکرین میں امریکی وزیر دفاع صدر ولادیمیر زیلینسکی اور وزیر دفاع آنڈری ٹیرن کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ یوکرین کے صدر اور وزیر دفاع نے رواں سال ستمبر کے آغاز میں واشنگٹن کا دورہ کیا تھا تاکہ صدر جو بائیڈن کے ساتھ اپنی نیٹو رکنیت سے متعلق بات چیت کر سکیں۔
رومانیہ میں سیاسی بحران جاری ہے اور اس دوران امریکی وزیر دفاع صدر کلاؤس یوہانس اور وزیر برائے قومی دفاع نیکولائے سیکا سے ملاقات کریں گے۔
ان تینوں مملک میں امریکہ دفاعی تعاون کو بڑھانا چاہتا ہے۔ تاہم امریکہ ان ممالک میں جمہوری ترقی اور بدعنوانی بھی دیکھ رہا ہے۔
جارجیا میں ہزاروں مظاہرین رواں ہفتے سابق صدر اور اپوزیشن لیڈر میخیل ساکاشویلی کی گرفتاری کے خلاف سڑکوں پر آگئے تھے۔
یوکرین کو بدعنوانی کے خاتمے کے لیے امداد فراہم کرنے والے مغرب کی جانب سے گہرے دباؤ کا سامنا ہے۔

شیئر: