Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 ورلڈ کپ: انڈیا اور پاکستان کے میچ پر ’دوبارہ غور‘ کا مطالبہ

کرکٹ کے تعلقات دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں بڑھتی کشیدگی کی وجہ سے منسوخ کر دیے گئے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
روایتی حریفوں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ سے قبل اکثر تنازعات سامنے آتے ہیں اور اب 24 اکتوبر کو ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میچ سے قبل بھی یہی ہو رہا ہے۔
انڈین نیوز ویب سائٹ نیوز 18 کے مطابق انڈیا کے یونین منسٹر گری راج سنگھ نے پیر کو دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات کے پیش نظر میچ کے انقعاد پر ’دوبارہ غور‘ کرنے کا کہا ہے۔
ان سے سوال پوچھا گیا کہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں ٹارگٹ کلنگ کی بنا پر پاکستان اور انڈیا کا میچ منسوخ ہونا چاہیے؟ تو اس پر گری راج سنگھ کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں میچ کے انعقاد پر دوبارہ غور کیا جانا چاہیے کیونکہ انڈیا اور پاکستان کے تعلقات اچھے نہیں ہیں۔‘
واضح رہے کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں حال ہی میں شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ ہوئی ہے۔ جس میں خصوصی طور پر غیر مقامی افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
کلگام کے علاقے وانپوہ میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں سے ایک چھابڑی والا تھا جبکہ دوسرا مستری تھا۔
پنجاب کے وزیر پرگت سنگھ نے بھی میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہمیں کسی بھی ایسے عمل سے گریز کرنا چاہیے جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید خراب کرنے کا باعث بنے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں انسانیت کی حفاظت کرنی چاہیے اور ایسا کچھ نہیں کرنا چاہیے جو دونوں ممالک کے تعلقات پر مزید خراب کرے۔‘

انڈیا کے یونین منسٹر نے دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات کے پیش نظر میچ پر ’دوبارہ غور‘ کرنا کا کہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ہلاک ہونے والے چھابڑی فروش کے بھائی اروند کمار ساہ کا کہنا تھا کہ انڈیا اور پاکستان کا میچ ہمیشہ کے لیے منسوخ کر دیا جانا چاہیے۔
’دہشتگرد پاکستان کے ذریعے جموں میں داخل ہو رہے ہیں۔ ہمیں پاکستان کے خلاف بھی کوئی میچ نہیں کھیلنا چاہیے۔‘
حال ہی میں انڈیا کے کپتان ویراٹ کوہلی نے انڈیا اور پاکستان کے میچ سے متعلق کہا تھا کہ ’میں نے (پاکستان کے خلاف) اس گیم کو کرکٹ کے کسی بھی کھیل کی طرح دیکھا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ اس کے گرد کافی مسائل ہیں جو زیادہ تر ٹکٹ کی فروخت اور اس کی طلب سے متعلق ہیں۔‘
انڈیا اور پاکستان کے درمیان کرکٹ کے دو طرفہ تعلقات دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں بڑھتی کشیدگی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔
دونوں ٹیمیں کرکٹ کے میدان میں یا تقریبات میں ملتی ہیں ان کی آخری ملاقات انگلینڈ میں 2019 کے ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ میں ہوئی تھی۔

شیئر: