Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 ورلڈ کپ: ’شعیب ملک کا تجربہ پاکستان کے کام آ سکتا ہے‘

شعیب ملک اس سے قبل پانچ ٹی 20 ورلڈ کپ میں شریک ہو چکے ہیں (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ میں حالیہ تبدیلیوں کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ پاکستانی سکواڈ میں اکھاڑ پچھاڑ کی خبریں بھی تواتر سے سامنے آتی رہیں۔ فلاں ٹیم میں ہو گا اور فلاں کو ٹیم میں ہونا چاہیے، کی یہ گفتگو نو اکتوبر کی سہ پہر منطقی انجام کو پہنچی تو کئی اپنے اندازے ثابت ہونے پر خوش ہوئے، البتہ کچھ ایسے بھی تھے جو خواہشات ادھوری رہنے پر بجھے بجھے سے دکھائی دیے۔
پاکستان کے ٹی20 ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود انجری کے باعث سکواڈ سے باہر ہوئے توپاکستان کرکٹ بورڈ نے 2007 میں پہلے ٹی 20 ورلڈ کپ سے اب تک مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کے پانچ عالمی کپ کھیلنے والے شعیب ملک کی سکواڈ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ 
پی سی بی کے اس اعلان کے ذریعے 11 ہزار ٹی 20 رنز بنانے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی کو چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کا پروانہ مل گیا۔
سوشل ٹائم لائنز پر سابق کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ میں دلچسپی رکھنے والے دیگر افراد نے شعیب ملک کی سکواڈ میں شمولیت کو مجموعی طور پر ٹیم کے لیے بہتر قرار دیا تو اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا۔
سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے شعیب ملک کی شمولیت عمدہ ہے۔ سینیئر اور تجربہ کار کھلاڑی کے طور پر وہ پاکستان کے زیادہ کام آ سکتے ہیں۔‘

کرکٹ مبصر سویرا پاشا نے شعیب ملک کے کرکٹ کیریئر کی ابتدا اور موجودہ دور کی الگ الگ تصاویر ٹویٹ کیں تو انہیں ’ماسٹر آف کم بیک‘ کا لقب دیا۔
اپنی ٹویٹ میں انہوں نے 22 برس قبل متحدہ عرب امارات میں شعیب ملک کے کیریئر کے آغاز کی یاد بھی تازہ کی۔

ٹی 20 سکواڈ میں شعیب ملک کی شمولیت کے باقاعدہ اعلان سے قبل شرجیل خان سمیت کچھ اور نام بھی ممکنہ آپشن کے طور پر گفتگو کا حصہ رہے تھے۔
سابق کوچ وقار یونس سمیت کرکٹ سے تعلق رکھنے والے کئی افراد شرجیل خان کو صہیب مقصود کا بہتر متبادل قرار دے رہے تھے۔
اسی تناظر میں ہونے والی گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے کرکٹ مبصر ڈاکٹر نعمان نیاز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’سب سے زیادہ مستحق ہونے کے باوجود شرجیل کو شاید مشتبہ ماضی کی وجہ سے شامل نہیں کیا گیا۔ شعیب ملک کی واپسی نے ٹیم کو مزید مضبوط کیا ہے۔‘
اپنی ٹویٹ میں سابق کپتان راشد لطیف اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو مینشن کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ ’فکسنگ سے متعلق رمیز راجہ کے زیروٹالرنس کے موقف کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔‘

شعیب ملک کی تقرری پر خوشی کا اظہار کرنے والے ٹویپس نے اسے ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی پوزیشن میں بہتری کی وجہ بھی قرار دیا۔ ڈینیل الیگزینڈر نے لکھا کہ ’شعیب ملک کی شمولیت نے پاکستان کو ورلڈ کپ جیتنے کے لیے ایشیا کی فیورٹ ٹیم بنا دیا ہے۔‘

سینئر کھلاڑی ہونے کے ناطے شعیب ملک کی ٹیم میں واپسی پر جہاں خوشی کا اطہار کیا گیا وہیں گفتگو کا حصہ بننے والے کچھ افراد سابقہ ٹی 20 ورلڈ کپ مقابلوں میں ان کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے تشویش کا شکار دکھائی دیے۔ ایسے افراد کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ہونے والے پانچ عالمی کپ مقابلوں میں اگر شعیب ملک پرفارم نہیں کر سکے اور ان کی ایوریج اور سٹرائک ریٹ انتہائی کم رہا تو ایسے میں کسی بہتر نوجوان کھلاڑی کی شمولیت اچھا آپشن تھا۔

پاکستان کا ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ

شعیب ملک کی شمولیت کے بعد پاکستان کا ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ مکمل ہو گیا ہے۔ اس میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد نواز، وکٹ کیپر محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق خوشدل خان، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر ٹیم کے ہمراہ امارات جائیں گے۔

شیئر: