Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمنز لیڈرشپ پروگرام میں 200 گریجویٹس خواتین کی شرکت

میڈیا اور مواصلات کے شعبے سے وابستہ خواتین بھی اس میں شامل تھیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
20 سے زائد ممالک کی 200 سے زیادہ گریجویٹس خواتین جنہوں نے قیادت گلوبل جارج ٹاون پروگرام کے تحت ویمنز لیڈرشپ پروگرام میں حصہ لیا ریاض میں ان کے اعزاز میں پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق قیادت گلوبل جارج ٹاؤن پروگرام اپنے شرکاء کو عوامی اور نجی شعبوں کے ساتھ ساتھ غیر منافع بخش تنظیموں میں ترقی کے لیے درکار ضروری قائدانہ صلاحیتیں فراہم کرتا ہے۔

اس پروگرام کے 17 اہداف میں تعلیم کو نمایاں حیثیت دی گئی ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

اس ٹریننگ پروگرام میں خواتین نے فیصلہ سازی ، تنظیمی تبدیلی کے انتظام، تنظیمی کارکردگی اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت میں قائدانہ صلاحیتوں سے حاصل کی ہیں۔
اس پروگرام میں شریک خواتین کا تعلق مختلف شعبوں سے تھا جس میں 16 فیصد مالیاتی شعبے سے، 14 فیصد تعلیم کے شعبے سے اور 12 فیصد صحت کی دیکھ بھال کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
اس کےعلاوہ دیگر شعبوں جیسا کہ توانائی، ٹیکنالوجی، کیمیکلز، میڈیا اور مواصلات کے شعبے سے وابستہ خواتین بھی اس میں شامل تھیں۔
پروگرام کی شرکاء میں سے 42 فیصد کے پاس بیچلر ڈگری، 47 فیصد کے پاس ماسٹر ڈگری اور 9 فیصد کے پاس ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں پہلے سے ہی موجود تھیں۔

 شریک خواتین مالیاتی، تعلیم اور صحت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

خواتین شرکاء نے اس ٹریننگ پروگرام کو عالمی وبا کے باوجود جاری رکھنے پر اظہارتشکر کرتے ہوئے تعلیمی کوریج کی وسیع رینج، شرکاء کے درمیان قومیتوں کے فرق اور ایک دوسرے کے ساتھ ان کی بات چیت کے باعث ہونے والے علمی اضافے پر بھی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
قیادت گلوبل جارج ٹاؤن پروگرام اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں شراکت کی نمائندگی کرتا ہے۔
ان 17 اہداف میں تعلیم کو نمایاں حیثیت دی گئی ہے، خاص طور پر ہر سطح پر تعلیم کا معیار، صنفی مساوات اور پائیدار معاشی نمو کے لیے مناسب اقدامات شامل ہیں۔
اس میں شرکت کرنے والے ممالک اپنی کمیونٹیز کی ترقی کے مقصد کو پورا کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے کوشاں ہیں جبکہ تعلیم کے معیار، صحت کی عالمی کوریج، سماجی تحفظ کی فراہمی اور روزگار کے مواقع جیسے سماجی خدشات کو بھی دور کرنے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
 

شیئر: