Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں خواتین کو معاشی ترقی میں مساوی مواقع

عالمی بینک کی رپورٹ میں مسلسل دوسرے سال بھی پیشرفت کا ریکارڈ برقرار رکھا ( فوٹو: العربیہ))
عالمی بینک نے کہا ہے کہ سعودی عرب روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں مرد وزن کے درمیان برابری کررہا ہے۔  
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب نے خواتین سے متعلق عالمی بینک سے جاری ہونے والی 2021 کی رپورٹ میں مسلسل دوسرے سال بھی پیشرفت کا ریکارڈ برقرار رکھا۔
عالمی بینک نے 190 ملکوں کے درمیان اقتصادی ترقی اور کاروبار کی قیادت کے شعبوں میں خواتین اور مردوں کے درمیان قوانین میں امتیاز کا تقابلی جائزہ پیش کیا ہے۔
اس سلسلے میں سعودی عرب نے اس مرتبہ 100 میں سے 80 نمبر حاصل کیے ہیں جبکہ گذشتہ برس کی رپورٹ نے سعودی عرب کو 100 میں سے 70.6 نمبر دیے تھے۔ اس حوالے سے سعودی عرب مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں سرفہرست آ گیا ہے۔ 
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے یہ کامیابی خواتین سے متعلق قوانین و ضوابط میں مسلسل اصلاحات کرکے حاصل کی ہے۔
سعودی عرب نے لیبر مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے روزگار کے تمام شعبوں میں مرد و زن کے درمیان برابری قائم کی ہے۔ خواتین کو معاشی ترقی میں مساوی مواقع حاصل ہیں۔
وزیر تجارت ماجد القصبی نے عالمی بینک کی رپورٹ پرٹویٹ کیا کہ ’وطن عزیز اور کامیاب قیادت کو اقتصادی ترقی میں خواتین کی شراکت سے متعلق قوانین و ضوابط میں مسلسل دوسرے سال پیش رفت مبارک ہو‘۔

شیئر: