Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی مسلسل دوسری فتح، نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست

ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں شارجہ کے میدان پر پاکستان نے نیوزی لیںڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
منگل کے روز کھیلے گئے اس میچ میں فتح کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ 
پاکستان نے شعیب ملک اور آصف علی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 135 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ 
شعیب ملک اور آصف علی 27، 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
حارث رؤف کو عمدہ بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 28 کے مجموعی سکور پر گری جب ٹِم ساؤدی نے بابر اعظم کو بولڈ کردیا، وہ صرف 9 رنز بنا سکے۔  یہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں ٹم ساؤدی کی 100ویں وکٹ تھی۔ 
فخر زمان صرف 11 رنز بناسکے، انہیں ایش سودھی نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ محمد حفیظ بھی 11 رنز بنا سکے، باؤنڈری پر ڈیوون کونوے نے سینٹنر کی گیند پر ان کا شاندار کیچ لیا۔ 

ٹم ساؤدی نے بابر اعظم کو کلین بولڈ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

محمد رضوان 33 رنز بنا کر ایش سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ 
عماد وسیم نے بھی 11 رنز بنائے، انہیں ٹرینٹ بولٹ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ 
شارجہ کے میدان پر کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ 
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ 

کین ولیمسن کو حسن علی نے رن آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کی اننگز 
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ڈئرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کو پہلی کامیابی 36 کے مجموعی سکور پر ملی جب حارث رؤف نے اپنے پہلے ہی اوور میں مارٹن گپٹل کو بولڈ کر دیا، انہوں نے 17 رنز بنائے۔ 
نیوزی لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈئرل مچل تھے جو 27 رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بنے۔ اس کے اگلے ہی اوور میں محمد حفیظ نے جیمز نیشم کو صرف ایک رن پر آؤٹ کردیا۔ 
کین ولیمسن نے 25 رنز کی اننگز کھیلی اور حسن علی نے انہیں رن آؤٹ کیا۔ ڈیوون کونوے 27 رنز بناکر حارث رؤف کی دوسری وکٹ بنے۔ 
گلین فلپس کو بھی حارث رؤف نے آؤٹ کیا، انہوں نے 13 رنز بنائے۔ ٹم سیفرٹ نے آٹھ رنز بنائے اور شاہین شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ 
اننگز کی آخری گیند پر حارث رؤف نے سینٹنر کو بولڈ کر کے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی۔ 

ڈیوون کونوے نے 27 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان نے اس میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے وہی ٹیم میدان میں اتاری جو انڈیا کے خلاف کھیلی تھی۔ 
ٹورنامنٹ میں یہ نیوزی لینڈ کا پہلا میچ تھا جبکہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف انڈیا کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 
نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد بظاہر پاکستان کی سیمی فائنل تک یقینی رسائی ہوسکتی ہے، کیونکہ پاکستان نے گروپ کے دیگر میچز افغانستان، سکاٹ لینڈ اور نیمبیا جیسی نسبتاً کمزور ٹیموں کے خلاف کھیلنے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف فتح کے بعد پاکستان کی نہ صرف سیمی فائنل تک رسائی یقینی ہوسکتی ہے بلکہ اپنے گروپ میں ٹاپ رہنے کے امکانات بھی روشن ہو جائیں گے جس کی صورت میں اسے سیمی فائنل میں گروپ اے سے دوسرے نمبر آنے والی ٹیم سے مقابلہ کرنا پڑے گا، جہاں ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیموں کے پہنچنے کے امکانات ہیں۔

شیئر: