Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ: دوسرے دن کا اختتام، سری لنکا کو 153 رنز کا خسارہ

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے کھیل کا اختتام ہو گیا ہے۔
دوسرے دن کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 153 رنز درکار ہیں۔
منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیل کے اختتام پر پَسندو سوریابندارا 18 اور دھننجایا ڈی سلوا 24 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان نے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز تین وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز سے کیا۔
قومی ٹیم کی پوری اننگز 87.5 اوورز میں 325 رنز پر سمٹ گئی، یوں پاکستان کو سری لنکا پر 227 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر اور بیٹر غازی غوری نے 54 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ رضا اللہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر 42 رنز بنائے، ان کی اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
ان کے علاوہ ثاقب خان نے 37، سعود شکیل نے 24 اور سلمان آغا نے 21 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنینڈو نے تین جبکہ ملان رتھنائیکے اور پربتھ جے سوریا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی دوسری اننگز

227 رنز کے خسارے کے بعد سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سری لنکا کے ابتدائی تین بیٹرز مجموعی طور پر 39 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ لاہیرو اودارا سات، دنیش چندی مل صفر اور کمیندو مینڈس 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم دھننجایا ڈی سلوا اور پَسندو سوریابندارا نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ دونوں بیٹرز بالترتیب 24 اور 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ثاقب خان، رضا اللہ اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔

پہلا روز

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل کم روشنی کے باعث جلدی ختم کر دیا گیا تھا۔
منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیل کے اختتام تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے اذان اویس 47 اور ثاقب خان دو رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستانی بولرز کے نام رہا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پاکستان کی پلیئنگ الیون بابر اعظم (کپتان)، اذان اویس، محمد طیب عارف، محمد طحٰہ، سعود شکیل، سلمان علی آغا، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، عامر جمال، رضا اللہ، محمد عباس اور ثاقب خان پر مشتمل ہے۔
سری لنکا کی پلیئنگ الیون
سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں کوشال مینڈس (کپتان)، لاہیرو اودارا، پسندو سوریا بندارا، دنیش چندی مل، کمنڈو مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، سونال دینوشا، ملن رتنائیکے، پربتھ جے سوریا، لاہیرو کمارا اور اسیتھا فرنینڈو شامل ہیں۔

شیئر: