عثمان خواجہ کا کرکٹ آسٹریلیا کو دوٹوک جواب، ’ٹیم سے باہر کیے جانے کی قیمت ادا کرنے کو تیار ہوں‘
عثمان خواجہ کا کرکٹ آسٹریلیا کو دوٹوک جواب، ’ٹیم سے باہر کیے جانے کی قیمت ادا کرنے کو تیار ہوں‘
بدھ 18 نومبر 2026 11:03
پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان خواجہ نے کہا کہ انہیں اپنے انکشافات کے ممکنہ نتائج کا اندازہ تھا۔(فوٹو:گیٹی امیجز)
آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ سکینڈل سے متعلق ان کے انکشافات پر اگر کرکٹ آسٹریلیا انہیں نظرانداز کرتا ہے یا ٹیم سے دور رکھتا ہے تو وہ اس کی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے سکائی سپورٹس کے مطابق ’دے یوزڈ ٹو بی‘ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان خواجہ نے کہا کہ انہیں اپنے انکشافات کے ممکنہ نتائج کا اندازہ تھا اور وہ جانتے تھے کہ اس سے کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ ان کے تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
عثمان خواجہ نے اپنی سوانح عمری ’صبر: فائنڈنگ مائی وے اِن کرکٹ اینڈ لائف‘ میں دعویٰ کیا تھا کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں موجود تمام کھلاڑیوں کو گیند کی حالت تبدیل کرنے کے منصوبے کا علم تھا۔
ان کے مطابق اس معاملے میں صرف وہ تین کھلاڑی ملوث نہیں تھے جنہیں پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس سکینڈل میں اس وقت کے کپتان سٹیو سمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو بالترتیب ایک سال، ایک سال اور نو ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
عثمان خواجہ کے دعوؤں کی سابق آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر اور چاڈ سیئرز نے بھی حمایت کی، تاہم موجودہ ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں ’بالکل بے بنیاد‘ قرار دیا ہے۔
عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ کے ساتھ ان کے اب بھی اچھے تعلقات ہیں، تاہم مستقبل میں اگر بورڈ ان سے تعلق برقرار نہیں رکھنا چاہتا تو ان کے نزدیک یہ ایک چھوٹی قیمت ہوگی۔
انہوں نے کہا، ’اگر کرکٹ آسٹریلیا کسی وجہ سے یہ تعلق برقرار نہیں رکھنا چاہتا تو میرے خیال میں یہ ایک چھوٹی قیمت ہے جو میں نے اپنے کیے کی خاطر ادا کی ہے۔‘
عثمان خواجہ کے بقول، ’مجھے معلوم تھا کہ آگے کیا ہونے والا ہے، بس یہ اندازہ نہیں تھا کہ معاملہ اس قدر ذاتی نوعیت اختیار کر جائے گا۔‘(فوٹو:اے ایف پی)
عثمان خواجہ نے مزید کہا، ’میں نے ان تین کھلاڑیوں کے لیے آواز اٹھائی ہے جن کے ساتھ میرے خیال میں غیر منصفانہ سلوک کیا گیا تھا۔‘
ان کے مطابق آسٹریلوی ٹیم میں اب بھی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جن پر ان کے بیانات کے اثرات پڑ سکتے ہیں، اس لیے انہوں نے اپنی بات اور موجودہ کھلاڑیوں کے مفادات کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا، ’ہر کام کی کوئی نہ کوئی قیمت ہوتی ہے۔ میرے خاندان کو بھی اس کی قیمت ادا کرنا پڑی ہے، لیکن میں خود کو مظلوم ظاہر نہیں کر رہا کیونکہ مجھے معلوم تھا کہ میں کس معاملے میں قدم رکھ رہا ہوں۔‘
عثمان خواجہ کے بقول، ’مجھے معلوم تھا کہ آگے کیا ہونے والا ہے، بس یہ اندازہ نہیں تھا کہ معاملہ اس قدر ذاتی نوعیت اختیار کر جائے گا۔‘
عثمان خواجہ نے پابندیوں کو ’انتہائی غیر متناسب‘ قرار دے دیا
پوڈکاسٹ میں عثمان خواجہ نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے بعد عائد کی جانے والی پابندیوں کو ’انتہائی غیر متناسب‘ اور حد سے زیادہ سخت قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اپنی کتاب کی اشاعت سے قبل سٹیو سمتھ کے ساتھ ان کی ایک مشکل گفتگو بھی ہوئی تھی۔
عثمان خواجہ کا کہنا تھا، ’میں یہ بتانے نہیں آیا کہ اس نے یہ کیا، اس شخص نے وہ کیا یا اسے اس بات کا علم تھا یا نہیں۔‘(فوٹو:اے ایف پی)
عثمان خواجہ کا کہنا تھا، ’میں یہ بتانے نہیں آیا کہ اس نے یہ کیا، اس شخص نے وہ کیا یا اسے اس بات کا علم تھا یا نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’ہم ایک ٹیم کی حیثیت سے جیتتے ہیں، ایک ٹیم کی حیثیت سے ہارتے ہیں اور ایک ٹیم کی حیثیت سے ہی خطرات مول لیتے ہیں۔‘
ان کے مطابق اگر ٹیم اجتماعی ذمہ داری کے اس اصول کو تسلیم کر لے تو اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکتا ہے، تاہم ایسا کبھی نہیں ہوا۔
عثمان خواجہ نے کہا، ’میرے خیال میں ہم نے کبھی ایسا نہیں کیا اور اسی وجہ سے یہ معاملہ بار بار ہمارے سامنے آتا رہتا ہے۔ قیاس آرائیاں ختم ہونے کا نام نہیں لیتیں اور یہ تنازع دوبارہ سر اٹھاتا رہتا ہے۔‘
واضح رہے کہ عثمان خواجہ رواں سال انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں آسٹریلیا کی 4-1 سے کامیابی کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے، تاہم وہ بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی جاری رکھے ہوئے ہیں۔