Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے درخواست جمع کرادی: شہزادہ محمد بن سلمان

اس کا لوگو ’تبدیلی کا دور- کرہ ارض مستقبل کی دریافت کی راہ پر‘ ہوگا(فال فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نےایکسپو 2030 کی میزبانی کےلیے باقاعدہ درخواست جمع کرائی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق درخواست میں کہا گیا کہ ’ایکسپو ریاض 2030‘ کی میزبانی کا موقع سعودی عرب کو دیا جائے- اس کا لوگو ’تبدیلی کا دور- کرہ ارض مستقبل کی دریافت کی راہ پر‘ ہوگا۔ ایکسپو ریاض یکم اکتوبر 2030 سے یکم اپریل 2031 تک جاری رہے گا‘۔
ایکسپو کی میزبانی کےلیے درخواست سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم و سربراہ ریاض رائل کمیشن شہزادہ محمد بن سلمان نے بیورو آف انٹرنیشنل ایگزبیشن ( بی آئی ای) کے  سیکریٹری جنرل دیمتری کرکنٹس کے نام اپنے خط میں کی ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خط میں کہا کہ’ ایکسپو ریاض 2030 سعودی عرب کے لیے اہم اور علامتی ایونٹ ہوگا۔،
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سعودی عرب ایکسپو 2030 کا نیا ایڈیشن منفرد انداز میں پیش کرسکے گا اور یہ ایکسپو کی تاریخ میں بے نظیر عالمی تجربہ ہوگا۔ 
سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ خدمت کرنے والے ممالک کو ایکسپو کی میزبانی کا اعزاز دینے سے مختلف تہذیبوں کے درمیان افہام و تفہیم پیدا کرنے کے سلسلے میں اس کی پہچان کو مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان دنوں دنیا تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ سماجی انصاف، چوتھے صنعتی انقلاب اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے بھرپور طریقے سے نمٹنے کے لیے ضروری ہوگا کہ انسانی معاشرے ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں‘۔

ریاض رائل کمیشن کے عہدیدار پیرس میں  بی آئی ای کے سیکریٹری جنرل کے نام خط حوالے کر رہے ہیں( فوٹو ٹوئٹر)

 ’ اس کا فطری تقاضا یہ بنتا ہے کہ پوری دنیا مستقبل دریافت کرنے کے لیے مل کر کام کرے- چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کا دست و بازو بنے اور تبدیلی سے پیدا ہونے والے امکانات سے فائدہ اٹھانے کے لیے اعلی ترین ذہنوں سے کام لیا جائے‘۔
سعودی ولی عہد نے ایکسپو ریاض 2030 کی میزبانی کے لیے یکم اکتوبر 2030 کا انتخاب اس تناظر میں کیا ہے کہ یہی وہ وقت ہوگا جب سعودی وژن 2030 کے اہداف پورے ہوچکے ہوں گے۔ 
شہزادہ محمد بن سلمان  نے کہا کہ ’ ایکسپو ریاض 2030 سے ایک منفرد موقع یہ ہاتھ آئے گا کہ پوری دنیا سعودی عرب میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق ہمارے تجربات کے نتائج سے روشنی لے سکتی ہے‘۔ 
خیال رہے کہ ایکسپو کا اہتمام 1851 سے ہورہا ہے۔ یہ اقتصادی  و تجارتی ترقی، فنون و ثقافت کے  فروغ اور سائنس وٹیکنالوجی کی ترویج میں عالمی تعاون کو اجاگر کرنے اور جدید ترین ٹیکنالوجی پیش کرنے کے لیے سب سے بڑا بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے۔ 

شیئر: