Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں میئرز کا براہ راست انتخاب کیا جائے گا: فواد چوہدری

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی نمائدنوں کا انتخاب براہ راست ہو گا (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب میں میئرز کا انتخاب براہ راست الیکشن کے ذریعے کیا جائے گا، اس کا فیصلہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں کورکمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کا براہ راست انتخاب پی ٹی آئی کا وعدہ ہے جس کو وہ پورا کرنے جا رہی ہے۔
فواد چودہری کے بقول ’اس سے قبل اس معاملے پر کنفیوژن تھی مگر اب فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ میئرز کے انتخابات براہ راست ہوں گے، بلاواسطہ ہوں گے اور ڈائریکٹ الیکشن کے ذریعے شہر اپنے اپنے میئر منتخب کریں گے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب میں امیدواروں کی نامزدگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور دوسرے صوبے بھی مہم چلا رہے ہیں۔
’بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم نے پوری پارٹی کو متحرک ہونے کی ہدایت کی ہے۔‘
فواد چوہدری نے بتایا کہ جلد ہی ایک ایسے مالی پیکج کا اعلان کیا جائے گا جس سے ایک کروڑ سے زائد آبادی کو براہ راست ریلیف ملے گا، اس کا اعلان خود وزیراعظم کریں گے۔
وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہے، ہمارے ہاں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکا گیا ہے لیکن اس کو کتنی حد تک روکا جا سکتا ہے۔
’ہمیں فکر ہے توانائی کے بحران سے کیسے نمٹا جائے۔‘
فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں اور اعظم سواتی کو جاری ہونے والے شوکاز نوٹس کو زیادتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
اس موقع پر معاون خصوصی برائے سیاسی امور نے کہا کہ پوری کور کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے رویے پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم پرسوں قوم سے خطاب کریں گے اور پیکیج کے بارے میں عوام کو بتائیں گے۔
بات چیت کے دوران ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کل اس پر شاہ محمود قریشی نے بات کی، وقت آنے پر مزید بات بھی وہی کریں گے۔

شیئر: