Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ مسئلہ کشمیر حل کروانے میں اپنا کر دار ادا کرے

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کر نے میں کر دار ادا کرے ٗ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر بات کرتے رہیں گے جبکہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج ٗ سکیورٹی اداروں اور پولیس کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و استحکام پاکستان اورافغانستان کے باہمی مفاد میں ہے ٗ پاکستان کی گروتھ ریٹ میں بہتری آئی اور اقتصادی حالت بہتر ہونا اچھی پیش رفت ہے۔ وزیر اعظم محمدنواز شریف نے پیر کو یہاں امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کی ٗدونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مسئلہ کشمیر ٗ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم ٗ افغانستان میں امن وامان کی صورتحال ٗ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ اور خطے کی صورتحال ٗدو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز ٗ معاون خصوصی طارق فاطمی اورسیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور پاکستان و افغانستان کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن بھی شریک تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاک امریکا مضبوط تعلقات خطے میں امن کیلئے بہت ضروری ہیں ٗدہشتگردی کیخلاف اٹھائے گئے اقدامات خصوصاً آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے ٗ جان کیری نے کہا کہ خطے میں امن اور سیکیورٹی پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے۔ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں اور پولیس کا کردار قابل تحسین ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی معاشی کامیابیاں اور آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی سے تکمیل قابل تحسین ہے۔ تعلیم، پیداوار اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان نے موثر اقدامات کیے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے امریکی وزیرخارجہ کو انسداد دہشت گردی کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں ریاستی سطح پرانسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اور اب تک 107 بے گناہ افراد کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کیا جاچکا ہے وزیراعظم نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اپنا اثرورسوخ استعمال کرے اور مسئلہ کشمیر حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے جان کیری کو سابق امریکی صدر بل کلنٹن کا وعدہ بھی یاد دلایا۔’’میرے سابق دور حکومت میں امریکی صدر کلنٹن نے وعدہ کیا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کروانے میں مدد کریں گے اور اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ اپنا وعدہ پورا کرے۔‘‘

شیئر: