Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے ہرا دیا

ڈیون کونوے صرف ایک رن بنا کر مارک واٹ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ کے 32 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے ہرا دیا ہے۔
173 رنز کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا سکی۔ کرس گریوز آٹھ اور مائیکل لیسک 42 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ اور ساؤدھی نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
سکاٹ لینڈ کی جانب سے منسے اور کائل کوٹزر نے اننگز کا جارحانہ اغاز کیا لیکن کوٹرز 11 گیندوں پر 17 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔
دوسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی جارج منسے تھے انہوں نے ساؤدی کو مسلسل دو چھکے لگائے لیکن اس سے اگلی ہی گیند پر 22 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
سکاٹ لینڈ کے تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی میتھیو کراس تھے۔ وہ 27 رنز بنا کر ٹم ساوتھے کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انہوں نے ایڈم ملنے کو پانچ گیندوں پر پانچ چوکے بھی مارے۔
چوتھے آوٹ ہونے والی کھلاڑی میکلم مکلائیڈ تھے وہ 12 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
اس سے اگلے اوور میں رچی بیرنگٹن بھی ساؤدی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے 20 رنز بنائے۔
بدھ کو ٹاس جیت کر سکاٹ لینڈ نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ جیمز نیشم 10 اور مچل سینٹنر دو رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی یہ دوسری کامیابی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کی طرف سے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں کے درمیان کوئی بڑی پارٹنر شپ نہیں بن سکی اور مچل پانچویں اوور میں سفیان شریف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اسی اوور میں سفیان شریف نے نیوزی لینڈ کے کپتان اور ان فارم بلے باز کین ولیمسن کو بھی صفر پر واپس پویلین بھیج دیا۔
نیوزی لینڈ کے تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیون کونوے تھے وہ صرف ایک رن بنا کر مارک واٹ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
اس کے بعد گلین فلپس اور مارٹن گپٹل نے سکور کو آگے بڑھایا اور دونوں کے درمیان 105 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد فلپس 33 رنز بنا کر بریڈ وہیل کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔
اس سے اگلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل بھی 93 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں سات چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔
سکاٹ لینڈ کی جانب سے بریڈ وہیل اور سفیان شریف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: