Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: ’سکیورٹی کا مسئلہ حل ہونے والا ہے‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے شارجہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سابق کرکٹرز کے ساتھ ساتھ دیگر شائقین کرکٹ نے اسے ’بہادری پر مبنی فیصلہ‘ قرار دیا۔
پاکستان کا دورہ منسوخ کر کے وطن لوٹنے والی کیوی ٹیم کی پاکستان کے خلاف کامیابیوں کا ریکارڈ بہت زیادہ اچھا نہیں ہے۔ گرین شرٹس کو کو بلیک کیپس پر کامیابیوں کے لحاظ سے برتری حاصل ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ پر تبصرہ کرنے والوں کی اکثریت اپنی ٹیم خصوصاً بابر اعظم اور محمد رضوان سے عمدہ پرفارمنس کی امید کے ساتھ اس خواہش کا اظہار بھی کرتی رہی کہ دورے کی منسوخی کا بدلہ میچ جیت کر لیا جائے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں پاکستانی کرکٹرز نے قومی ٹیم سے سابقہ کارکردگی تسلسل برقرار رکھنے کی توقع ظاہر کی۔ وہاب ریاض نے اپنی ٹویٹ میں ’نیا دن، نیا مقام، نئی ٹیم اور نیا کھیل‘ لکھا تو آج کے میچ میں کامیابی کی دعا بھی کی۔

پاکستانی کرکٹر فواد عالم نے کرکٹ ٹیم کے لیے شائقین کے جذبات کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پوری قوم آپ کے ساتھ ہے اور آپ کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔‘

اجمل جامی نے پاک نیوزی لینڈ میچ پر تبصرہ کیا تو ٹاس کو موضوع بنایا۔ انہوں نے لکھا کہ ’بابر اعظم نے ایک اور ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بولنگ کا بہادری کا فیصلہ کیا ہے۔‘

سابق کرکٹر شعیب اختر نے اپنی ٹویٹ کو نیوزی لینڈ پر طنز کے لیے استعمال کیا تو لکھا کہ ’میں تمام پاکستانی شائقین سے درخواست کرتا ہوں کہ خاموش رہیں اور بہت زیادہ شور شرابے سے انجوائے نہ کریں۔ ہوسکتا ہے کہ سکیورٹی مسائل نہ سہی تو نیوزی لینڈ سٹیڈیم میں بہت زیادہ شور کی بنیاد پر میچ ختم کرنے کا مطالبہ کر دے۔‘

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف وہی ٹیم برقرار رکھی جس نے انڈیا کو پہلے میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ دوسری جانب بلیک کیپس کا یہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلا میچ تھا۔
ایک ٹوئٹر صارف تحریم نے محمد حفیظ کی تصویر جس میں وہ مونچھیں مروڑ رہے ہیں، پوسٹ کر کے لکھا کہ ’حفیظ کی جانب سے جاری کیا گیا تیسرا سکیورٹی تھریٹ۔‘

وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’نیوزی لینڈ کیا آپ غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ کیا پاکستانی آپ کو پریشان کر رہے ہیں؟‘

بلیک کیپس کی بیٹنگ ختم ہوئی اور کچھ خاص ہدف نہ دیا جا سکا تو پاکستانی شائقین کرکٹ کا جوش و جذبہ دیدنی تھا، تاہم جواب میں پاکستانی اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد جب دیگر بلے باز کچھ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے تو ٹوئٹر ٹائم لائنز پر جاری طنزومزاح تشویش کا رنگ اختیار کرگیا۔

ایسے میں جہاں کچھ صارفین نے بابر اعظم اور محمد رضوان کے علاوہ باقی کھلاڑیوں سے بھی کچھ کھیل دکھانے کا تقاضا کیا وہیں کچھ ایسے بھی تھے جو ٹائم لائنز پر ہونے والی سرگرمی ٹھنڈی پڑنے کی نشاندہی کرتے رہے۔
آصف علی نے دو چھکے لگائے اور شعیب ملک نے بھی خاصی دیر آہستہ کھیلنے کے بعد ایک اونچا شاٹ کھیلا تو گراؤنڈ میں موجود شائقین کے ساتھ ٹائم لائنز بھی ایک بار پھر انگڑائی لے کر بیدار ہوئیں۔ اس مرحلے پر ایک مرتبہ پھر کیوی ٹیم پر سکیورٹی کے حوالے سے کیے جانے والے طنز کا سلسلہ چل پڑا۔

وقار محمد خان نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’دیکھ لو اب سکیورٹی مسئلہ حل ہونے والا ہے۔‘
میچ کا نتیجہ پاکستان کی ایک اور فتح کی صورت میں سامنے آیا تو جہاں گراؤنڈ میں سکیورٹی سکیورٹی کے نعرے لگے وہیں سوشل ٹائم لائنز پر بھی ان میں شدت آگئی۔

کرکٹ شائقین کی جانب سے کیوی ٹیم کو سکیورٹی کے معاملے پر طنزومزاح کا نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ اتنا بڑھا کے میدان سیاست بھی خود کو اس سے دور نہ رکھ سکا۔

شہباز شریف نے لکھا کہ ’نیوزی لینڈ ہم نے آپ کو آف دی فیلڈ سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔۔۔۔ لیکن آن دی فیلڈ۔۔۔۔۔ یہ آپ اور گرین شرٹس کا معاملہ ہے۔‘

شیئر: