نئی دہلی ... ہندوستانی دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب میں تلنگانہ کے ہندوستانی ملازمین کو کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں بند کرنے کی اطلاع غلط ثابت ہوئی۔ کمپنی کی انتظامیہ اور ہندوستانی ملازمین کے درمیان اختلاف پیدا ہوگیا تھا۔سعودی حکومت کی مداخلت پر 6ہندوستانی ملازم وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ ہندوستانی سیکریٹری خارجہ امر سنہا نے بتایاکہ سعودی حکام ہندوستانی ملازمین کا مسئلہ حل کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس سے قبل ہندوستان میں متعین سعودی سفیر محمد الساطی نے بیان دیا تھا کہ سعودی عرب اپنے یہاں ایک کمپنی میں کام کرنے والے 43ہندوستانی کارکنان کا مسئلہ حل کرا رہا ہے۔ الساطی نے ہندوستانی میڈیا میں گردش کرنے والی ان رپورٹوں کو مسترد کردیا تھا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کمپنی ہندوستانی ملازمین کو قید کئے ہوئے ہے اور انہیں تنخواہ نہیں دی۔ الساطی نے زور دیکر کہا کہ سعودی عرب کارکنان کے حقوق پامال کرنے والی کمپنیو ںکیساتھ رواداری نہیں برتتی۔ سعودی عرب پانچویں عشرے سے ہندوستانی کارکنان کی پذیرائی کررہا ہے۔ تعمیرات، ہوٹلوں، انجینیئرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ہزاروں ہندوستانی کام کررہے ہیں۔ ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے 21مارچ کو ہندوستانی ملازمین کی جانب سے تعاون کی درخواست ملنے پر سفیر ہند کو ہدایت کی تھی کہ ہندوستانی ملازمین کا مسئلہ حل کرایا جائے۔ اس ہدایت پر ملازمین کا مسئلہ سرخیوں میں آگیا تھا۔ سعودی وزارت محنت نے بتایاتھا کہ مقامی عدالت نے کمپنی کے مالک کو ہدایت دی تھی کہ وہ اپنے ملازمین کو تین دن کے اندر سفر کی اجازت دے مگر اس نے عدالتی احکام کی خلاف ورزی کی اور ہندوستانی کارکنان سے واپسی کی اجازت دینے کیلئے 50ہزار ریال کا مطالبہ کردیا تھا۔