Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور پولیس چیف ایک مرتبہ پھر تبدیل، پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے

ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد لاہور کے نئے پولیس چیف ہوں گے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے صوبہ بھر میں گریڈ 19 سے گریڈ 21 تک کے 20 پولیس افسران کے فوری تبادلوں کے احکامات جاری کیے ہیں۔
لاہور کے پولیس چیف غلام محمود ڈوگر اور ڈی آئی جی انویسٹیگیشن لاہور شارق جمال کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ 
ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کو سابق سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی جگہ تعینات کیا گیا تھا۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن میں البتہ ان تبادلوں کی وجوہات کا ذکر نہیں کیا گیا۔ 
تاہم پچھلے چند دنوں سے یہ خبریں ضرور زیر گردش تھیں کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے لانگ مارچ کو لاہور میں نہ روکے جانے پر حکومت پولیس کی موجودہ انتظامیہ سے خوش نہیں اور بڑے پیمانے پر خفیہ انکوائری بھی کی جارہی ہے جس میں ذمہ دار پولیس اہلکاروں کا تعین کر کے ان پر ذمہ داری عائد کی جائے گی۔ 
اس خبر کی محکمہ پولیس نے  ابھی تک نہ تو تردید کی ہے اور نہ ہی تائید۔ تاہم ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق اس طرح کی انکوائریز ہر ڈیپارٹمنٹ میں ہوتے ہیں اور پولیس چیف کو تبدیل کرنا وزیر اعلی پنجاب کا استحقاق ہے اس میں چہ مہ گوئیوں سے گریز کرنا چاہیے۔ 
نوٹیفیکیشن کے مطابق اب لاہور کے نئے پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد ہوں گے جب کہ ڈی آئی جی انویسٹیگیشن شہزادہ سلطان کو لگایا گیا ہے۔ 
 

شیئر: