Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب انسداد دہشتگردی اور فنڈنگ کے خاتمے کےلیے کوشاں

اقوام متحدہ کے اداروں اور ملکوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے تمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ سرحد پار بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف متحد ہوجائیں اور اس آفت کی جڑ سے اکھاڑنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کریں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 1373 اور انسداد دہشتگردی کمیٹی کے قیام کے 20 برس مکمل ہونے پر پونے والی تقریب میں یہ مطالبہ کیا ہے۔
تقریب کا اہتمام اقوام متحدہ کے اداروں اور علاقائی و بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے کیا گیا تھا۔
اقوام متحدہ میں متعین مملکت کے نائب سفیر محمد العتیق نے  کہا کہ سعودی عرب دہشتگردی کے انسداد، فنڈنگ کے خاتمے اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں عالمی و علاقائی تنظیموں، اقوام متحدہ کے اداروں اور دنیا بھر کے ملکوں کے ساتھ بھرپور تعاون کررہا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ مملکت نے 2002 میں قومی مجلس قائمہ قائم کی تھی جسے دہشت گردی اور اس کی فنڈنگ کے انسداد کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادیں نافذ کرانے اور اس حوالے سے کارروائی پر نظر رکھنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
مملکت کے نائب سفیر محمد العتیق نےکہا کہ سعودی عرب مختلف محاذوں پر دہشت گردی اور اس کی فنڈنگ کے خلاف متعدد اقدامات کرچکا ہے۔
العتیق نے کہا کہ سعودی عرب 2017 سے دہشت گردی کی فنڈنگ کے مرکزکی میزبانی کررہا ہے اور وہ اس کا بانی ملک ہے۔ داعش کے خلاف عالمی اتحاد  کا بانی رکن ہے۔ انسداد دہشتگردی کے اسلامی فوجی اتحاد کا بانی سربراہ ہے۔
سعودی عرب دہشتگردی اور اس کی فنڈنگ کو ختم کرانے کے سلسلے میں عالمی کوششوں کے ساتھ ہے۔

شیئر: