Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ نے افغانستان کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا، انڈیا ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر

میچ کے تیسرے اوور میں ہی ایڈم ملنے نے محمد شہزاد کو پویلین واپس بھیج دیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی 20 ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
نیوزی لینڈ نے 125 رنز کا ہدف 19 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ڈیون کونوے 36 اور کین ولیمسن 40 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں۔
نیوزی لینڈ کے پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیرل مچل تھے وہ 17 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔
دوسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی مارٹن گپٹل تھے وہ 28 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اتوار کو ابوظبی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت نہ ہوا اور انہوں نے 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ زدران نے سب سے زیادہ 73 رنز بنائے جبکہ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

ڈیرل مچل 17 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

افغانستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے اوور میں ہی ایڈم ملنے نے محمد شہزاد کو پویلین واپس بھیج دیا، وہ صرف چار رنز بنا سکے۔
اس سے اگلے اوور میں حضرت اللہ زازئی بھی ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
افغانستان کو تیسرا نقصان رحمان اللہ گرباز کی وکٹ کا اٹھانا پڑا وہ چھ رنز بنا کر ٹم ساوتھے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
اس کے بعد گلبدین نائب اور نجیب اللہ زدران کے درمیان 37 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد نائب کو اش سوڈھی نے بولڈ کر دیا، انہوں نے 15 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ زدران نے سب سے زیادہ 73 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

نجیب اللہ زدران اور محمد نبی نے ٹیم کی ڈوبتی ناو کو کچھ سہارا دیا اور سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 59 رنز کی شراکت داری ہوئی جس کے بعد نبی 14 رنز بنا کر ٹم ساوتھے کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔ 
اس سے اگلے اوور میں بولٹ نے نجیب اللہ زدران اور کریم جنت کو بھی پویلین واپس بھیج دیا۔
آٹھویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی راشد خان تھے وہ تین رن بنا کر جیمی نیشم کا شکار بنے۔
خیال رہے کہ آج کے میچ کے نتیجے کا انڈین شائقین کو بھی شدت سے انتظار تھا لیکن نیوزی لینڈ کی جیت کے ساتھ ہی انڈیا کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔

مارٹن گپٹل 28 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

افغانستان کی ٹیم نے حالیہ ورلڈکپ میں کھیلے پانچ میچوں میں سے تین میں شکست کھائی ہے جبکہ دو میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے چار پوائنٹس ہیں.
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پانچ میچز میں سے چار میں کامیابی حاصل کی ہے، اسے پاکستان کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس طرح کیویز کے آٹھ پوائنٹس ہیں۔
انڈیا کی ٹیم گروپ ٹو میں اس وقت تیسری پوزیشن پر ہے۔ اس نے چار میچوں میں سے دو جیتے اور دو ہارے۔ انڈین ٹیم پیر کو کمزور حریف نمیبیا سے مقابلہ کرے گی۔

نجیب اللہ زدران اور محمد نبی کے درمیان 59 رنز کی شراکت داری بنی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ادھر سوشل میڈیا پر انڈین کرکٹ شائقین آج کے میچ کے لیے افغانستان کی ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں تاکہ نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ورلڈکپ سے باہر کر دے۔
ٹوئٹر پر انڈین صارفین لمحہ بہ لمحہ میمز بنا کر شیئر کر رہے ہیں۔ اس دوران بعض افغان اور پاکستانی کرکٹ شائقین بھی صورتحال سے لطف اندوز ہوتے ہوئے تبصرے کر رہے ہیں۔
انکر سنگھ نامی ٹوئٹر ہینڈل سے نیوزی لینڈ کے خلاف افغانستان کی جیت کا فرضی سکور بورڈ بنا کر لکھا گیا کہ ’افغانستان تم نیوزی لینڈ کو ہرا سکتے ہو۔ 133 کروڑ انڈینز کی نیک خواہشات تمہارے ساتھ ہیں۔‘ 

ٹرینٹ بولٹ نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ٹوئٹر ہینڈل کرِک ٹریکر پر سروے کیا گیا جس میں سوال پوچھا گیا کہ ’آج نیوزی لینڈ بمقابلہ افغانستان میں سے کس کی جیت ہو گی؟
سروے کے نتائج کے مطابق 62 فیصد صارفین افغانستان جبکہ 37 فیصد کا کہنا ہے کہ جیت نیوزی لینڈ کی ہوگی۔
افغانستان کی ٹیم نے حالیہ ورلڈکپ میں کھیلے چار میچوں میں سے دو میں شکست کھائی ہے جبکہ دو میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے چار پوائنٹس ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے چار میچز میں سے تین میں کامیابی حاصل کی ہے اور پاکستان کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس طرح کیویز کے چھ پوائنٹس ہیں۔
انڈیا کی ٹیم گروپ ٹو میں اس وقت تیسری پوزیشن پر ہے۔ اس نے چار میچوں میں سے دو جیتے اور دو ہارے۔ انڈین ٹیم پیر کو کمزور حریف نمیبیا سے مقابلہ کرے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان گروپ ٹو کی ٹاپ ٹیم ہے اور اپنا آخری میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ 

شیئر: