Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اگر ہم اسی طرح کھیلتے رہے تو کوئی ہمیں ہرا نہیں سکتا‘

انڈٰیا کو اپنے پہلے دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سکاٹ لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے ہرانے کے بعد انڈیا کی ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار ہیں جبکہ انڈین سپنر روندرا جدیجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’اگر ہم اس طرح کھیلتے رہے تو کوئی ہمیں ہرا نہیں سکتا۔‘
سکاٹ لینڈ کے خلاف جیت کے لیے مطلوبہ 86 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے انڈین ٹیم نے 39 گیندیں کھیلیں۔ کے ایل راہُل نے 19 گیندوں پر نصف سینچری سکور کی۔
مطلوبہ ہدف کم اوورز میں حاصل کرنے کے بعد سُپر 12 مرحلے میں انڈیا کا رن ریٹ تیزی سے بہتر ہوا ہے۔
جدیجہ اور محمد شامی نے سکاٹ لینڈ کے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں برابر کی شراکت داری کی۔
سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم اٹھارویں اوور میں 85 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔ انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
چار اوورز میں 15 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کر کے مین آف دی میچ کا اعزاز پانے والے سپنر نے کہا کہ ’اگر ہم اسی طرح کھیلتے رہے تو کوئی ہمیں ہرا نہیں سکتا۔ ٹی 20 میں ہمیں ایسے ہی کھیلنا ہوگا۔‘
جدیجہ کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنے کی طرف دیکھنا ہے۔ ہم اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کو تیار تھے۔‘
وراٹ کوہلی کی ٹیم نے ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے دو میچوں میں پاکستان اور نیوزی لینڈ سے شکست کھانے کے بعد افغانستان اور سکاٹ لینڈ کو بڑے مارجن سے شکست دی ہے۔
انڈیا اپنے گروپ کا آخری میچ پیر کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گا تاہم اس سے قبل اتوار کو نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ کے نتیجے کا ہر ایک کو شدت سے انتظار ہے۔

انڈیا کے ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کا دار ومدار نیوزی لینڈ افغانستان میچ کے نتیجے پر ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم افغانستان کو شکست دیتی ہے تو انڈیا کی ٹیم ورلڈکپ سے باہر ہو جائے گا۔
انڈین سپنر نے کہا کہ ’ہم اپنی کارکردگی کی جانچ دو میچز میں بُرے کھیل کی بنیاد پر نہیں کر سکتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم اسی طرز کی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے جو سکاٹ لینڈ اور اس سے قبل افغانستان کے خلاف کھیلی۔ اس حوالے سے ڈریسنگ روم میں کوئی افراتفری نہیں ہے۔‘

شیئر: