Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا پاکستان کے کرنسی نوٹ تبدیل ہونے جا رہے ہیں؟

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان نے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ کی سختی سے ترید کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں جعلی کرنسی نوٹوں سے متعلق اکثر خبریں زیرگردش رہتی ہیں اور اس کے تدارک کے ساتھ ساتھ جعلی اور اصلی کی پہچان کے حوالے سے مختلف ٹپس بھی سوشل میڈیا پر نظر آتی رہتی ہیں۔
لیکن گذشتہ روز سے پاکستان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور واٹس ایپ کے مختلف گروپس میں پاکستانی کرنسی نوٹ کا نیا ڈیزائن یہ کہہ کر شیئر کیا جا رہا ہے کہ حکومت نے نئے کرنسی نوٹوں کے حتمی ڈیزائن جاری کر دیے ہیں اور جلد اس کی منظوری کے بعد نئے ڈیزائن کے نوٹ متعارف کروا دیے جائیں گے۔ 
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین کی جانب سے اس نئے ڈیزائن کو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا واقعی یہ نئے ڈیزائن کے نوٹس متعارف کروائے جا رہے ہیں؟
اس کے ساتھ کچھ صارفین کی جانب سے نئے ڈیزائن کی خصوصیات بھی بتائی جا رہی ہیں کہ پلاسٹک سے تیار کردہ اس کرنسی نوٹ کی بدولت جعلی کرنسی تیار کرنا اب مشکل ہوگا۔ 
صارف تحسین اللہ نے ٹویٹ کیا کہ حکومت کرنسی کے نوٹ تبدیل کرنے جا رہی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کیا کہتا ہے؟

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان عابد قمر نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ کی سختی سے ترید کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سٹیٹ بینک کی کوئی پالیسی ہے اور نہ ہی نوٹ کے ڈیزائن تبدیل کرنے سے متعلق کوئی تجویز زیر غور ہے۔
عابد قمر نے کہا کہ’سوشل میڈیا پر اس سے پہلے بھی اس قسم کی افواہیں گردش کرتی رہی ہیں لیکن اس کا اعلان نہ کبھی حکومت کی طرف سے کیا گیا ہے نہ ہی سٹیٹ بینک کی جانب سے اس قسم کا کوئی اقدام کیا گیا ہے۔‘ 
انہوں نے مزید بتایا کہ ’سوشل میڈیا پر زیر گردش نئے کرنسی نوٹ میرے علم میں بھی آئے ہیں اور اس پر لکھا ہے کہ پشاور یونیورسٹی نے یہ ڈیزائن کیا ہے لیکن جب ان سے پوچھیں تو ایسی کوئی بات ان کے علم میں بھی نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کو اس وقت تک کسی بھی خبر پر یقین نہیں کرنا چاہیے جب تک کسی تصدیق شدہ پیج یا حکومتی ادارے کے پیج سے اعلان نہیں کیا جاتا۔

شیئر: