ضلع چاغی میں مائننگ سائٹ سے اغوا ہونے والے 6 افراد کی لاشیں برآمد
ضلع چاغی میں مائننگ سائٹ سے اغوا ہونے والے 6 افراد کی لاشیں برآمد
ہفتہ 28 نومبر 2026 15:17
زین الدین احمد، اردو نیوز، کوئٹہ
مائننگ سائٹ جہاں واقع ہے وہ علاقہ راسکوہ کے پہاڑی سلسلے کے عقب میں خاران کے قریب واقع ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین کے قریب ایک مائننگ سائٹ سے اغوا ہونے والے چھ سکیورٹی گارڈز کی لاشیں جمعے کو صحرائی علاقے سے ملی ہیں۔ انہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک سرکاری سکول میں تعمیراتی کام کرنے والے 11 مزدوروں کو اغوا کر لیا ہے۔
چاغی کی ضلعی انتظامیہ کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ لاشیں دالبندین کے علاقے ڈھڈر تالو اور خرگوشکان کے درمیان ایک صحرائی علاقے سے ملیں۔
انہیں پہلے دالبندین کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا پھر جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب کوئٹہ لایا گیا۔ کوئٹہ میں ایدھی سینٹر میں غسل اور کفن کے بعد سنیچر کی علی الصبح لاشیں ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دی گئیں۔
مقتولین میں سے پانچ کی شناخت ثواب خان، عبدالمرجان، ساحل محمد، ولی محمد اور مبارک خان کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ ان کا تعلق پنجاب کے ضلع میانوالی، خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور اور کرک، سندھ کے ضلع خیرپور اور بلوچستان کے ضلع اوستہ محمد سے بتایا جاتا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ افراد ایک سکیورٹی کمپنی کے ملازم تھے اور دالبندین کے علاقے خرگوشکان میں ایک مائننگ سائٹ کی حفاظت پر مامور تھے۔ انہیں 18 نومبر کو مسلح افراد نے اس وقت اغوا کیا جب انہوں نے کان کے کیمپ میں داخل ہو کر وہاں موجود مشینری کو آگ لگا دی۔ حملہ آور سکیورٹی پر تعینات چھ اہلکاروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔
اس سے ایک دن پہلے یعنی 17 نومبر کو کان پر کام کے لیے جانے والے چھ مزدوروں اور ملازمین کو بھی نامعلوم افراد نے دالبندین جاتے ہوئے گاڑی سے اتار کر اغوا کرلیا تھا۔
یہ افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ان میں دالبندین کا رہائشی ایک ڈرائیور، ایک مقامی سکیورٹی گارڈ، کراچی کا ایک ڈرلنگ سپروائزر، پنجاب کے ضلع پاک پتن سے تعلق رکھنے والا ایک ڈرلر اور سندھ کے ضلع عمرکوٹ کے دو مزدور شامل ہیں۔
27 اگست 2024 کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے کولپور میں کالعدم تنظیم کے دھماکے سے ریلوے پل تباہ ہونے کے ایک روز بعد مقامی افراد منہدم پل کے قریب جمع ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے 21 نومبر کو جاری کیے گئے بیان میں اغوا کے دونوں واقعات اور کان پر حملہ کر کے مشینری جلانے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ تنظیم نے 27 نومبر کو ایک اور بیان میں چھ مغوی سکیورٹی گارڈز کو قتل کرنے کی ذمہ داری بھی قبول کی۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ باقی پانچ مغوی تاحال ان کی قید میں ہے۔
چاغی پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کان اپریل سے بند تھی اور وہاں حال ہی میں دوبارہ کام شروع کیا گیا تھا۔ کان ایک نجی کمپنی کے زیر انتظام تھی جسے نوتیزئی بلوچ قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی شخص نے آگے لیز پر دے رکھا تھا۔
ذرائع کے مطابق کام دوبارہ شروع کرنے سے پہلے پولیس، ضلعی انتظامیہ یا فرنٹیئر کور کو اطلاع نہیں دی گئی تھی۔
مائننگ سائٹ جہاں واقع ہے وہ علاقہ راسکوہ کے پہاڑی سلسلے کے عقب میں خاران کے قریب واقع ہے، چاغی سے تقریباً 70 سے 80 کلومیٹر دور ہے اور سکیورٹی کے لحاظ سے حساس سمجھا جاتا ہے۔
نوشکی میں 11 مزدوروں کے اغوا کی اطلاعات
ادھر نوشکی میں 11 مزدوروں کے اغوا کی اطلاعات ہیں۔ نوشکی پولیس کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ مزدور نوشکی سے تقریباً 25 کلومیٹر دور احمدوال تھانے کی حدود میں واقع کلی بٹو میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کی چار دیواری تعمیر کر رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق دس سے زائد مسلح موٹر سائیکل سوار وہاں پہنچے اور مزدوروں کو اپنے ساتھ نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان مزدوروں میں سے نو کا تعلق سندھ کے شہروں سکھر اور جیکب آباد سے ہے جبکہ دو مزدور نوشکی کے رہائشی ہیں۔
نوشکی پولیس نے تاحال اغوا کے واقعے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں مزدوروں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ہے اور مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق ٹھیکیدار کو کوئٹہ سے بلایا گیا ہے تاکہ اس سے مزدوروں کے لاپتہ ہونے کی تفصیلات معلوم کی جا سکیں۔