Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زندگی میں ہی اپنے جنازے کی منصوبہ بندی، انڈیا میں نئی سروس متعارف

مکشا وویج نامی یہ کمپنی آخری رسومات سے متعلق پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرتی ہے (فوٹو: جی پی جے)
عام طور پر خاندان کسی عزیز کے انتقال کے بعد ہی آخری رسومات کے انتظامات کے بارے میں سوچتے ہیں، لیکن دہلی میں قائم ایک سٹارٹ اپ لوگوں کو اپنی زندگی میں ہی اپنی آخری رسومات کی منصوبہ بندی کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق مکشا وویج نامی یہ کمپنی آخری رسومات سے متعلق پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرتی ہے اور لوگوں کو اپنے جنازے اور آخری خواہشات پہلے سے طے کرنے کا موقع دیتی ہے۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ آخری رسومات کے انتظامات، میت کی منتقلی، شمشان گھاٹ یا تدفین سے متعلق امور اور بعد از وفات مذہبی رسومات میں معاونت فراہم کرتی ہے۔
دہلی این سی آر اور غازی آباد میں خدمات انجام دینے والی یہ کمپنی لوگوں کی آخری خواہشات کو تحریری شکل میں محفوظ کرنے اور ان کے اہلِ خانہ کو ان خواہشات پر عمل درآمد کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے۔
آخری رسومات کی پیشگی منصوبہ بندی کیسے کی جاتی ہے؟
کمپنی کے مطابق اس عمل میں چند اہم مراحل شامل ہیں:
1۔ اپنی آخری خواہشات درج کریں
افراد اپنی پسند کے مطابق آخری رسومات کی جگہ، تدفین یا شمشان کے انتظامات، مذہبی روایات اور ان لوگوں کا تعین کر سکتے ہیں جنہیں وہ اپنی آخری رسومات میں شامل دیکھنا چاہتے ہیں۔
2۔ مطلوبہ خدمات کا انتخاب کریں
صارفین آخری رسومات کے انتظامات، نقل و حمل اور مخصوص مذہبی رسومات کے بارے میں اپنی ضروریات بیان کر سکتے ہیں۔ ان میں انتیم سنسکار، استھی وسرجن، پنڈ دان، تیرہویں، شردھ اور برسی جیسی رسومات شامل ہو سکتی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ پیشگی منصوبہ بندی سے خاندان کو مرحوم کی خواہشات کے بارے میں واضح معلومات ملتی ہیں (فوٹو: مکشا وویج انسٹاگرام)

3۔ ایک خاندانی نمائندہ مقرر کریں
کمپنی مشورہ دیتی ہے کہ ایک قابل اعتماد قریبی رشتہ دار کو نامزد کیا جائے جو ضرورت پڑنے پر کمپنی کے نمائندوں سے رابطے میں رہے۔ اس شخص کی معلومات کو وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کرنا بھی ضروری ہے۔
4۔ تحریری تخمینہ غور سے پڑھیں
حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے صارفین کو فراہم کردہ تخمینے کا بغور جائزہ لینا چاہیے تاکہ خدمات، مستثنیات، ادائیگی کے طریقہ کار، منسوخی کی شرائط اور ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق تمام تفصیلات واضح ہوں۔
5۔ وقتاً فوقتاً منصوبے کا جائزہ لیں
کمپنی صارفین کو مشورہ دیتی ہے کہ اگر ان کا پتہ، خاندانی روابط یا دیگر ضروریات تبدیل ہوں تو اپنی منصوبہ بندی کو بھی اپ ڈیٹ کریں اور تمام تبدیلیوں کی تحریری تصدیق حاصل کریں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ پیشگی منصوبہ بندی سے خاندان کو مرحوم کی خواہشات کے بارے میں واضح معلومات ملتی ہیں اور مشکل اور جذباتی وقت میں غیر یقینی صورتحال کم ہو جاتی ہے۔

مستقبل میں یہ تصور انڈیا میں کس حد تک مقبولیت حاصل کرتا ہے، یہ دیکھنا ابھی باقی ہے (ہارمونی فنرل)

انڈیا میں موت اور آخری رسومات کے بارے میں گفتگو اکثر ایک حساس یا ممنوع موضوع سمجھی جاتی ہے، اس لیے یہ تصور بہت سے لوگوں کو غیر معمولی محسوس ہو سکتا ہے۔ تاہم، سٹارٹ اپ کا مؤقف ہے کہ یہ ایک عملی طریقہ ہے جس کے ذریعے افراد اپنی خواہشات کو دستاویزی شکل دے سکتے ہیں اور اپنے اہلِ خانہ کو واضح رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔
اگرچہ یہ خیال ہر شخص کے لیے قابل قبول نہ ہو، لیکن اس کا مقصد غیر یقینی صورتحال کو کم کرنا، فیصلہ سازی کو آسان بنانا اور اہلِ خانہ کو ایک مشکل وقت میں زیادہ وضاحت اور اطمینان فراہم کرنا ہے۔ مستقبل میں یہ تصور انڈیا میں کس حد تک مقبولیت حاصل کرتا ہے، یہ دیکھنا ابھی باقی ہے۔

 

شیئر: