Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سِیل، بیٹا اسجد محمود زیرِحراست

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان لاہور میں مبینہ طور پر نظر بند ہیں (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو سِیل کر دیا ہے جبکہ پارٹی ترجمان کے مطابق پولیس نے اُن کے بیٹے مولانا اسجد محمود کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
یہ کارروائی سنیچر کی صبح ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مولانا فضل الرحمان لاہور میں مبینہ طور پر نظر بند ہیں اور اُن کی جماعت وفاقی حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلا رہی ہے۔
سی ڈی اے کے حکم نامے میں کیا کہا گیا ہے؟
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سٹیٹ مینجمنٹ ون) کی جانب سے 27 نومبر 2026 کی تاریخ سے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور کی گلی نمبر 83 میں واقع مکان نمبر سات کی الاٹمنٹ فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق یہ مکان امان اللہ ولد محمد یونس کے نام منتقل ہوا تھا تاہم ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد، غیر قانونی غیرملکیوں کی واپسی کے پروگرام (آئی ایف آر پی) کے فوکل پرسن اور نادرا کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس میں نشاندہی کی گئی ہے کہ مذکورہ شخص کی شہریت اور شناختی دستاویزات مشکوک ہیں۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’سپیشل برانچ کی رپورٹ اور نادرا کی تصدیق کے بعد امان اللہ کو ’غیر ملکی شہری‘ قرار دیتے ہوئے اُن کا پاکستانی شناختی کارڈ منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘
’نادرا کی رپورٹ میں اُن کے والد کے خاندانی ریکارڈ اور دو شناختی کارڈز کی موجودگی میں تضادات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اِسی بنیاد پر سی ڈی اے نے ڈائریکٹر جنرل بلڈنگ اینڈ ہاؤسنگ کنٹرول کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور انفورسمنٹ ونگ کی مدد سے اِس جائیداد کو سیل کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔‘

جمیعت علمائے اسلام کے ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے بیٹے مولانا اسجد محمود کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

انتظامیہ نے سنیچر کی صبح اِس حکم نامے پر عمل درآمد کرتے ہوئے رہائش گاہ کی جانب جانے والے راستوں کو بند کر دیا اور گھر کو سِیل کر دیا۔
’خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا‘
دوسری جانب جمعیتِ علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے اِس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اِسے ’حکومتی بوکھلاہٹ اور بدترین فسطائیت‘ قرار دیا ہے۔
اسلم غوری کی جانب سے ’ایکس‘ پر جاری بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پولیس نے صبح سویرے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو ہراساں کرتے ہوئے انہیں آدھے گھنٹے کے اندر گھر خالی کرنے پر مجبور کیا۔
ترجمان کے مطابق انتظامیہ نے اہلِ خانہ کو گھر سے نکال کر رہائش گاہ کو سِیل کر دیا ہے جس کے بعد اہلِ خانہ وہاں سے روانہ ہو گئے ہیں۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ کارروائی کے دوران مولانا فضل الرحمان کے بیٹے مولانا اسجد محمود کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پارٹی قیادت نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں (فوٹو: جے یو آئی ایکس آفیشل)

جے یو آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں اپنا احتجاج مؤخر کیا تھا مگر شہباز شریف حکومت نے ہمارے اِس تحمل کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا ہے۔‘ تاہم پارٹی قیادت نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں۔
احتجاجی تحریک، سرگودھا جلسہ اور لاہور میں نظر بندی
حکومت اور جے یو آئی (ف) کے درمیان حالیہ کشیدگی اُس وقت شدت اختیار کر گئی جب مولانا فضل الرحمان نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں، قانون سازی اور ملکی سیاسی صورتِ حال کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کیا۔
اِس سلسلے میں مولانا فضل الرحمان نے مختلف پارٹی کانفرنس اور بار ایسوسی ایشنز سے خطابات شروع کیے۔ وہ چند دن قبل لاہور بار سے خطاب کے لیے پہنچے تو اُن کی پارٹی کے ترجمان کے مطابق انہیں لاہور کی انتظامیہ نے اُن کی رہائش گاہ میں نظر بند کر دیا جس کے بعد اُنہوں نے ویڈیو لنک پر بار کے نمائندوں سے خطاب کیا۔
بعدازاں وہ سرگودھا میں اپنی پارٹی کی ایک کانفرنس کے لیے روانہ ہوئے لیکن راستے میں رکاوٹوں کے باعث اپنی منزل تک نہ پہنچ سکے۔ بعدازاں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انہیں سی سی پی او لاہور نے حراست میں لے لیے ہے تاہم لاہور پولیس یا انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمان کی باقاعدہ گرفتاری یا نظر بندی کی تصدیق نہیں کی ہے۔

جمیعت علمائے اسلام نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں انتظامیہ نے اہلِ خانہ کو گھر سے نکال کر رہائش گاہ کو سِیل کر دیا ہے (فوٹو: ڈی سی اسلام آباد)

لاہور میں مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی اور اب اسلام آباد میں اُن کی رہائش گاہ کے سِیل کیے جانے کے اقدام سے حکومت اور  جے یو آئی کے درمیان محاذ آرائی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
بلوچستان کے صوبائی امیر سمیت اہم رہنما گرفتار
کوئٹہ سے اُردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان پولیس نے جمعرات کی رات جمیعت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کی رہائش گاہ کو گھیرے میں لے لیا اور وہاں موجود مولانا عبدالواسع اور جے یو آئی کے 4 ارکانِ بلوچستان اسمبلی کو حراست میں لے لیا۔ اِن میں صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری، سید ظفر آغا، فضل قادر مندوخیل اور اصغر ترین شامل ہیں۔
حکومت نے مولانا عبدالواسع کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے کر پانچوں کو وہیں نظر بند کر دیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے مطابق جمعرات کو صوبے کے مختلف علاقوں میں پارٹی کے متعدد کارکنوں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جس کے خلاف جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں نے جمعے کو کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالیں۔
مولانا فضل الرحمان کو سرگودھا جانے سے روک دیا گیا
لاہور سے اُردو نیوز کے نمائندے ادیب یوسفزئی نے رپورٹ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جمعرات کی شام لاہور سے سرگودھا جانے کے لیے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اپنی رہائش گاہ سے روانہ ہوئے۔ سرگودھا میں جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے جلسے کا اعلان کر رکھا تھا تاہم سرگودھا انتظامیہ پہلے ہی مولانا فضل الرحمان اور پارٹی کے آٹھ دیگر رہنماؤں کے داخلے، قیام اور موجودگی پر 30 روز کی پابندی عائد کر چکی تھی۔
نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مرکزی دروازے پر مولانا فضل الرحمان کئی گھنٹوں تک موجود رہے جس کے بعد اُن کا قافلہ روانہ ہوا تو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب رُک گیا اور کئی گھنٹے وہیں موجود رہا۔ جے یو آئی کے مطابق مولانا کو 11 گھنٹے سے زیادہ دیر تک روک کر رکھا گیا۔
پارٹی ذرائع نے اُردو نیوز کو بتایا کہ اِس دوران انہیں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واپس گھر جانے کا مشورہ دیا جسے مولانا نے مسترد کیا اور بعد ازاں سی سی پی او لاہور بھی وہاں پہنچے۔ مولانا نے رات گئے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب اور سی سی پی او اُن کے پاس آئے اور انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جے یو آئی نے دعویٰ کیا کہ مولانا نے کارکنوں اور ریاستی اداروں کے درمیان تصادم سے بچنے کے لیے خود گرفتاری دی۔

جے یو آئی نے دعویٰ کیا کہ مولانا نے کارکنوں اور ریاستی اداروں کے درمیان تصادم سے بچنے کے لیے خود گرفتاری دی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

لاہور پولیس کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ وہ اپنے قافلے کے ساتھ اپنی رہائش گاہ واپس چلے گئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مولانا ٹریفک میں پھنسے ہوئے تھے جس کے باعث اُن کی گرفتاری کی خبر پھیل گئی جب کہ پولیس نے اِنہیں گھر واپس جانے کی اجازت دی تھی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں موجود اپنی رہائش گاہ پر جانے کے لیے تیار نہیں تھے جب کہ پولیس انہیں وہاں جانے ہر آمادہ کر رہی تھی جس کے بعد انہیں جے یو آئی کے رہنما حافظ ربنواز چاچڑ کی رہائش گاہ چاچڑ ہاؤس منتقل کیا گیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مولانا فضل الرحمان وہیں پر موجود ہیں جسے پارٹی 'نظر بندی' کہہ رہی ہے۔
جے یو آئی کے مطابق پنجاب میں مولانا فضل الرحمان کے راستے میں رکاوٹوں کے ساتھ ساتھ پارٹی کے متعدد کارکنوں اور رہنماؤں کو بھی گرفتار یا حراست میں لیا گیا۔
پارٹی نے دعویٰ کیا کہ سرگودھا میں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا امجد خان اور ملک اویس کو حراست میں لیا گیا جب کہ خوشاب میں مولانا عبداللہ احمد سمیت 11 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔
جے یو آئی کے مطابق جمعہ کے روز سرگودھا میں مزید سات کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جب کہ ساہیوال میں جے یو آئی کے سٹی صدر نوید مجاہد کو بھی پولیس نے حراست میں لیا ہے۔

شیئر: