Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی خلا باز ذیشان علی کا نوجوانوں کے نام خلا سے پیغام، ’سائنس و ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں‘

ذیشان علی نے کہا کہ ’یہاں تمام کام منصوبے کے مطابق ہو رہا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر ذیشان علی نے ہفتے کو چین کے خلائی سٹیشن سے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ براہِ راست گفتگو کے دوران نوجوان پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائیں اور خلائی تحقیق کو اپنے پیشے کے طور پر اپنائیں۔
ذیشان علی چین کے شینژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں پہنچے تھے۔ وہ زمین کے مدار میں داخل ہونے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔ ان کی یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام اور بیجنگ کے ساتھ سائنسی و تکنیکی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی اس گفتگو کے دوران ذیشان علی نے کہا کہ ’میں اس قوم کے نوجوانوں کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تعلیم کو فروغ دیں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ خلا بازوں، انجینئرز اور سائنس دانوں کی اگلی نسل خلا میں اس سے بھی آگے جائے گی اور انسانیت کی بہتری کے لیے مزید تحقیق کرے گی۔‘
پاکستان فضائیہ کے 40 سالہ پائلٹ بدھ کو چینی خلا بازوں تانگ ہونگبو اور وو یی کے ہمراہ تیانگونگ خلائی سٹیشن پہنچے تھے۔ وہ وہاں پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے پانچ سے 10 روز قیام کریں گے اور اس دوران سائنسی تجربات کریں گے۔
ان کا یہ خلائی سفر فروری 2025 میں پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقی کمیشن (سپارکو) اور چائنا مینڈ سپیس ایجنسی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت ممکن ہوا، جس کا مقصد پاکستانی خلا بازوں کو انسانی خلائی پرواز کے لیے تربیت دینا تھا۔ ذیشان علی نے بیجنگ میں سات ماہ تربیت حاصل کی، جس میں چینی زبان کی خصوصی اور سخت تربیت بھی شامل تھی۔
پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کا آغاز 1990 کی دہائی کے اوائل میں ہوا تھا، جو سیٹلائٹ لانچ کرنے سے آگے بڑھ کر انسانی خلائی پرواز تک پہنچ چکا ہے۔ پاکستان ایک چینی خلائی مشن کے لیے قمری روور بھی تیار کر رہا ہے، جسے عارضی طور پر 2028 میں روانہ کرنے کا منصوبہ ہے۔
اسلام آباد میں سپارکو کے صدر دفتر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ذیشان علی کو مبارک باد دی اور کہا کہ ان کی کامیابی نے نوجوان پاکستانیوں کی ایک نسل کو بلند عزائم کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’آپ کی کامیابی نے نوجوانوں کی ایک ایسی نسل میں نئے عزم کو جنم دیا ہے جو حدود سے آگے بڑھنے، نئے افق تلاش کرنے اور اپنے ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش رکھتی ہے۔‘
زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر کی بلندی سے گفتگو کرتے ہوئے ذیشان علی نے بتایا کہ ان کا مشن طے شدہ منصوبے کے مطابق جاری ہے اور وہ اپنی سائنسی تحقیق میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’یہاں سب کچھ بہت اچھا چل رہا ہے اور تمام کام منصوبے کے مطابق ہو رہا ہے۔‘

 25 نومبر 2026 کو شینژو 24 خلائی مشن کی روانگی کی تقریب کے دوران عملے کے تین ارکان وو یی (درمیان)، تانگ ہونگبو (دائیں) اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی (بائیں) ہاتھ ہلا کر الوداع کہتے ہوئے۔ (تصویر: سی این ایس/اے ایف پی)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اپنی ذمہ داریاں اور سائنسی تحقیق کا کام پوری قوم کی توقعات کے مطابق انجام دینے کی بھرپور کوشش کر رہا ہوں۔‘
اس گفتگو میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار کو اجاگر کیا گیا، جب کہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’یہ تاریخی مشن ایسے وقت میں مکمل ہو رہا ہے جب ہمارے دونوں عظیم ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال منا رہے ہیں۔ اس دیرینہ دوستی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا اس سے بہتر طریقہ اور کیا ہو سکتا ہے؟‘
انہوں نے اس مشن میں پاکستان کی شرکت ممکن بنانے پر چینی صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا اور اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دینے والے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ذیشان علی کی کامیابی پورے ملک اور مسلح افواج کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں آپ پر اور اپنی مسلح افواج پر واقعی فخر ہے کہ ہم میں سے ایک خلا میں گیا اور اس نے یہ عظیم کامیابی حاصل کی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’چین کے خلائی اسٹیشن پر آپ کی موجودگی ہماری آزمودہ اسٹریٹجک شراکت داری کا قابلِ فخر ثبوت ہے۔‘

شیئر: