Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میری زندگی کا ایک قیمتی دن‘، ملالہ کے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر

ملالہ یوسفزئی نے اپنے نکاح کی تصاویر ٹوئٹر پر جاری کی ہیں (فوٹو: ملالہ ٹوئٹر)
برطانیہ میں مقیم نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے عصر ملک نامی پاکستانی نوجوان سے نکاح کرلیا ہے۔
منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری کردہ تصاویر میں ملالہ یوسفزئی نکاح کے دوران اور اس کے بعد اپنے شوہر کے ساتھ دیکھی جا سکتی ہیں۔
ٹوئٹر پر اپنے نکاح کی خبر شیئر کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے لکھا کہ ’آج میری زندگی کا ایک اہم دن ہے۔ عصر اور میں زندگی کے ساتھی بن گئے ہیں۔ ہم نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ برمنگھم میں نکاح کی تقریب منعقد کی۔‘

’مستقبل کا سفر اکٹھے طے کرنے‘ کی امید اور اس کے حوالے سے اپنے جذبات کا اطہار کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے اپنے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔
ملالہ کے شوہر عصر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں جنرل مینیجر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے عہدے پر کام کرتے ہیں۔
ملالہ یوسفزئی کی جانب سے نکاح کی خبر شیئر کرنے پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور خوشیوں بھرے مستقبل کی دعا کی۔

ملالہ یوسفزئی کے شوہر پاکستان کرکٹ بورڈ میں جنرل مینیجر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے عہدے پر کام کرتے ہیں (فوٹو: ملالہ ٹوئٹر)

عصر ملک لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز (لمز) کے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے دو سال قبل پاکستان کرکٹ بورڈ میں ملازمت اختیار کی۔ وہ پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز سے بھی بطور جنرل مینیجر آپریشنز وابستہ رہ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ نوبل انعام یافتہ پاکستانی کارکن ملالہ یوسف زئی ہمیشہ سے ہی خواتین کی تعلیم کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہیں۔
ملالہ یوسف زئی 11 سال کی عمر سے ہی لڑکیوں کی تعلیم کے لیے مہم چلا رہی تھیں۔ 2012 میں طالبان کی فائرنگ کی زد میں آنے کے بعد وہ دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد کی علامت بن گئیں۔
انہوں نے سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب بھی لکھی۔ 17 سال کی عمر میں دنیا کی سب سے کم سن نوبل انعام جیتنے والی شخصیت بن گئیں۔
انہوں نے ملالہ فنڈ کے ذریعے اپنے اثرورسوخ کا استعمال جاری رکھا۔ یہ فنڈ دیہی علاقوں میں لڑکیوں کے سکولوں کی تعمیر میں مدد کرتا ہے، ثانوی تعلیم کو آگے بڑھانے کے پروگرام پیش کرتا ہے اور ان لوگوں کے لیے سکول کا سامان مہیا کرتا ہے جن کی انہیں بہت ضرورت ہوتی ہے۔

شیئر: