Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست، آسٹریلیا ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں

پاکستانی بولر شاداب خان نے چار کھلاڑی آؤٹ کیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ کے دبئی سٹیڈیم میں دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔
آسٹریلیا نے 177 رنز کا ہدف 19 اوررز میں مکمل کر لیا۔ پاکستان کو حسن علی اور شاہین آفریدی کا اوور مہنگا پڑا اور 19ویں اوور میں آسٹریلیا کے مارکس سٹوئنس نے پے در پے دو چھکے لگا کر میچ اپنے نام کر لیا۔
قبل ازیں پہلے ہی اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر ارون فنچ کوئی رنز بنائے بغیر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
آسٹریلیا کی دوسری اور اہم وکٹ چھٹے اوور میں گری جب شاداب خان کی گیند پر مچل مارش کیچ آؤٹ ہو گئے۔ مارش نے 28 رنز بنائے جبکہ سٹوین سمتھ صرف پانچ رنز بنا کر نویں اوور میں شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 11 ویں اوور میں گری جب شاداب خان کی گیند پر ڈیوڈ وارنز آؤٹ ہوئے۔ وارنز 49 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد شاداب خان کی گیند پر گلین میکسویل کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے آخری اوور میں دو چھکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 71 کے مجموعی سکور پر گری۔ بابر اعظم 39 رنز بنا کر زمپا کی گیند پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
محمد رضوان نے ٹورنامنٹ کی اپنی تیسری نصف سنچری بنائی اور وہ 56 گیندوں پر 67 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند ہر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آصف علی 19ویں اوور میں کیومن کی گیند پر کوئی رنز بنائے بغیر سٹوین سمتھ ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شعیب ملک بھی مچل سٹاک کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
 قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کی ٹیم میں محمد رضوان، بابر اعظم ، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی ، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، ارون فنچ، مچل مارش، گلین میکسویل،سٹوین سمتھ، مارکس سٹوئنس، میتھیو ویڈ، پیٹ کیومنز، مچل سٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزلی وُڈ شامل ہیں۔
پاکستان کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے۔
پاکستان ٹیم گروپ سٹیچ میں روایتی حریف انڈیا سمیت نیوزی لینڈ، افغانستان، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کو شکست دے کر 10 پوائنٹس کے ساتھ گروپ ٹو میں ہیلی پوزیشن پر رہی۔

بابر اعظم 39 رنز بنا کر زمپا کی گیند پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

میچ سے قبل پاکستان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان کے ان فارم وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور شعیب ملک جو کہ فلو کا شکار تھے فٹ ہو گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق جمعرات کی دوپہر کو ٹیم کے ڈاکٹر نے دونوں کا معائنہ کرکے ان کو آج کا میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
پاکستان کی جانب سے اب تک ٹورنامنٹ میں فخر زمان اور حسن علی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے ہیں۔

محمد رضوان نے جارحانہ بیٹنگ سے آغاز کیا ۔(فوٹو: اے ایف پی)

تاہم ٹیم کے بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن نے فخر زمان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے وہ سیمی فائنل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کل فخر کوئی بہترین اننگز کھیلتے ہیں تو میں ہرگز حیران نہیں ہوں گا کیونکہ وہ نیٹ میں گیند کو بہت اچھا ہٹ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم روایتی حریف انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے باوجود چار فتوحات حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔
آسٹریلوی ٹیم کے صف اول کے بلے باز اچھی فارم میں ہیں۔

شیئر: