Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی کے میڈیکل پینل نے محمد رضوان اور شعیب ملک کو ’فٹ‘ قرار دے دیا

محمد رضوان ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پر ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیکل پینل نے محمد رضوان اور شعیب ملک کو طبی معائنے کے بعد فٹ قرار دے دیا ہے۔
اس سے پہلے پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور آل راؤنڈر شعیب ملک کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے۔
جمعرات کو پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ میڈیکل پینل آج دونوں کھلاڑیوں کا دوبارہ معائنہ کرے گا جس کے بعد پی سی بی میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور اوپننگ بیٹر محمد رضوان اور تجربہ کار بلے باز شعیب ملک کو معمولی فلو ہوگیا تھا جس کے بعد دونوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل سے ایک روز قبل بدھ کو پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا تھا۔
سپورٹس ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق دونوں کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا تاہم ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا ہے۔
پاکستان کے باقی سکواڈ ممبرز کا ٹورنامنٹ کے دوران کووڈ ٹیسٹ لیا گیا تھا اور سب کا ٹیسٹ منفی آیا۔ تمام کھلاڑیوں کا دو روز قبل بھی ایک کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
یہ ٹیسٹ آئی سی سی کی پالیسی کا حصہ ہے اور وہ اس سلسلے میں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے کہ وہ جہاں تک ممکن ہوسکے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کروائیں۔
پاکستانی ٹیم کے ایک عہدے دار کے مطابق محمد رضوان اور شعیب ملک بدھ کی صبح بیدار ہوئے تو انہیں معمولی فلو اور ہلکا بخار تھا اور انہیں ابتدائی طور پر ٹریننگ میں تاخیر سے حصہ لینے کا کہا گیا تھا۔
تاہم اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں سے کہا گیا کہ وہ ٹریننگ سیشن میں حصہ نہ لیں۔
محمد رضوان اور شعیب ملک کو آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں کھلانے یا نہ کھلانے کا فیصلہ آج صبح میچ سے قبل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں محمد رضوان اور شعیب ملک پاکستان کی جانب سے اب تک سب سے اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

شعیب ملک نے ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری سکور کررکھی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

محمد رضوان ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ شعیب ملک نے سکاٹ لینڈ کے خلاف 18 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی۔
یہ ٹی20 میں کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری تھی۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی20 کا دوسرا سیمی فائنل آج پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: