Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آریانا افغان ایئرلائن کی کابل سے اسلام آباد کے لیے پروازیں شروع

کابل سے چار سو ڈالر اور اسلام آباد سے 100 ڈالر وصول کیے جائیں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان کی سرکاری آریانا افغان ایئرلائن نے کہا ہے کہ وہ کابل سے اسلام آباد کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں شروع کر رہی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آریانا جمعرات کو اعلان کے بعد، کام ایئر جو دونوں شہروں کے درمیان ہفتہ وار پانچ پروازیں چلا رہی ہے، کے بعد دوسری ایئرلائن بن گئی ہے۔
آریانا، جس نے اس ہفتے دبئی کے لیے باقاعدہ سروس شروع کی ہے، جمعرات اور پیر کو کابل اور اسلام آباد کے درمیان پروازیں چلائے گی، جبکہ کابل سے چار سو ڈالر اور اسلام آباد سے 100 ڈالر وصول کیے جائیں گے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں، نجی ملکیت والی کام ایئر نے ہفتے میں پانچ بار اسلام آباد کے لیے پروازیں شروع کیں کیونکہ اگست میں کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد بین الاقوامی ہوائی ٹریفک بتدریج دوبارہ کھل رہی ہے۔
آریانا کی جانب سے یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی مذاکرات کے لیے اسلام آباد کا دورہ کر رہے تھے جس میں توقع ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان ایوی ایشن روابط سمیت دیگر امور کا احاطہ کیا جائے گا۔
طالبان کے کنٹرول کے بعد سے کچھ چارٹر سروسز کابل کے لیے پروازیں کر رہی ہیں لیکن معمول کی کمرشل پروازیں معطل کر دی گئی تھیں۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے گذشتہ ماہ اسلام آباد سے کابل کے لیے اپنی چارٹر سروس معطل کر دی تھی۔ اس کی وجہ انہوں نے طالبان کی مداخلت کو قرار دیا تھا، جنہوں نے ایئرلائن کو متنبہ کیا تھا کہ وہ اپنے ٹکٹ کی قیمتوں میں کمی کرے۔

شیئر: