Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابل سے پرواز میں تاخیر ’تکنیکی مسئلہ‘

پی آئی ترجمان نے افغان حکام کی جانب سے معتصابانہ رویہ روا رکھے جانے کی تردید کی اور اسے تکنیکی مسئلہ قرار دیا۔ فوٹو: اے ایف پی
افغانستان کے دارالحکومت کابل سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئر لائن کی پرواز 250 PK کو کابل ایئرپورٹ پر ایک گھنٹے سے زائد وقت رن وے پر انتظار کرنا پڑا جس کی وجہ سے پرواز کی پاکستان آمد میں دو گھنٹے تاخیر ہوئی، تاہم پی آئی اے ترجمان نے افغان حکام کی جانب سے معتصابانہ رویہ روا رکھے جانے کی تردید کی اور اسے تکنیکی مسئلہ قرار دیا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ جب طیارہ رن وے پر اڑان بھرنے کے لیے پہنچا تو ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کے کچھ مرمتی کام کی وجہ سے رن وے کا پورا حصہ استعمال نہیں کیا جاسکتا، لہٰذا اڑان بھرنے کے لیے کچھ مسافروں کو اتارا جائے تا کہ وزن کم کر کے مہیا رن وے سے اڑان بھری جا سکے۔
عبداللہ حفیظ کے مطابق جہاز میں اس وقت 162 افراد سوار تھے اور کابل ایئرپورٹ انتظامیہ کی جناب سے 15 مسافروں کو اتارنے کا کہا گیا، جس پر پی آئی اے کے پائلٹ نے انکار کیا اور مؤقف اپنایا کہ انہیں رن وے کے دوسری جانب سے اڑان بھرنے کی اجازت دی جائے، وہ کسی مسافر کو آف لوڈ نہیں کریں گے۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان نے کہا کے رن وے پر پہنچ کر مسافروں کو اتارنا اچھا اقدام نہیں ہوتا اس لیے پائلٹ نے اس کی ممانعت کی۔  ’یہ فیصلہ انتہائی مشکل ہوتا کہ کن مسافروں کو اتارا جائے اور انہیں پھر کہاں لے جایا جائے۔ کہیں کسی کا ویزہ ایکسپائر نہ ہو جائے یا کوئی اور مسئلہ ہو جائے تو بات بگڑ سکتی تھی، لہٰذا پائلٹ نے مسافروں کو اتارنے سے انکار کیا۔‘
پائلٹ کی جانب سے رن کے دوسری طرف سے اڑان بھرنے کی درخواست شروع میں کابل ایئرپورٹ انتظامیہ کو سمجھ میں نہیں آئی، مگر بعد میں انہیں اندازہ ہوگیا اور انہوں نے اجازت دے دی۔

پی آئی اے کی پروازدو گھنٹے تاخیر کے بعد پیر کی سہہ پہر اسلام آباد ائیرپورٹ لینڈ کر گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

اس حوالے سے عبداللہ حفیظ نے مزید کہا کہ اس دوران کسی اور طیارے نے کابل ایئرپورٹ سے اڑان نہیں بھری اور یہ میڈیا رپورٹس بلا جواز ہیں کے پی آئی اے کے ساتھ کابل ایئرپورٹ انتظامیہ نے متعصبانہ رویہ اختیار کیا۔
انہوں نے واضح کیا کے یہ ایک نہایت تکنیکی نوعیت کا مسئلہ تھا جسے تعصب کا رنگ دینا غلط ہوگا، البتہ پی آئی اے کی جانب سے اس کی شکایت کر دی گئی ہے اور ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پی آئی اے کی پرواز PK250 تمام 162 مسافروں اورعملے کو لے کر دو گھنٹے تاخیر کے بعد پیر کی سہہ پہر تین بج کر 20 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ لینڈ کر گئی۔

شیئر: