Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی دہلی میں سموگ کی صورتحال ابتر، سکول ایک ہفتے کے لیے بند

دہلی کی فضا میں زہریلے عنصر پی ایم 2.5 کی اوسط 329 مائکرو گرام فی کیوبک میٹر ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نئی دہلی کے وزیراعلیٰ نے سموگ کی وجہ سے ایک ہفتے کے لیے سکول بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال نے بتایا کہ پیر سے بچوں کے سکول ایک ہفتے کے لیے بند کیے جا رہے ہیں تاکہ بچے آلودہ فضا میں سانس نہ لیں۔‘
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں آلودگی کی سطح ایئر کوالٹی انڈیکس پر پانچ سو کے سکیل پر 437 تھی۔
نئی دہلی کے وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اتوار سے چار دن کے لیے کسی بھی تعمیراتی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سرکاری دفاتر میں ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ پرائیویٹ اداروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ گھر سے کام کرنے کے آپشن کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لایا جائے۔
نئی دہلی کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے۔ ہر سال موسم سرما میں فیکٹریوں سے زہریلی گیسوں کے اخراج، گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کی وجہ سے دو کروڑ افراد اس کی لپیٹ میں آتے ہیں۔
قریبی ریاستوں میں فصلوں کی باقیات کو جلانا اس شہر کی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

پیر سے سکول ایک ہفتے کے لیے بند ہو جائیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

سوئٹزرلینڈ کے ادارے آئی کیو ایئر کی 2020 کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے سب سے زیادہ 30 آلودہ شہروں میں 20 شہر انڈیا میں ہیں۔ نئی دہلی دنیا میں سب سے زیادہ آلودہ شہر ہے۔
جمعے کو انڈیا میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے والے بورڈ نے ریاستوں اور مقامی حکومتوں کو سموگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے اور ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔

شیئر: