Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، تین فوجی ہلاک

سکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع تربت کے علاقے ہوشاب میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان کے ضلع تربت کے علاقے ہوشاب میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دو جبکہ دھماکہ خیز مواد کو ناکام بناتے ہوئے ایک فوجی ہلاک ہوگیاہے۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سنیچر کو جاری بیان کے مطابق ’سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر ضلع تربت کے علاقے ہوشاب میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔‘
’سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن کے دوران ہونے والی جھڑپ میں سپاہی رمضان اور لانس نائیک لیاقت اقبال نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی رمضان کا تعلق ضلع سرگودھا جبکہ لانس نائیک لیاقت اقبال کا تعلق صوابی سے تھا۔
’آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔‘
’اسی طرح کے ایک اور واقعے میں دہشت گردوں کی جانب سے پیدل چلنے والے افراد کے راستے میں چپھائے گئے دھماکہ خیز مواد کو ناکام بناتے ہوئے ضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والے سپاہی انعام اللہ شہید ہوگئے۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی میں خلل ڈالنے کی بزدل دہشت گردوں کی کارروائیوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

شیئر: