Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تکیہ ضروری ہے بھیا، حالات مشکل ہیں تھوڑے سے‘ محمد رضوان کی ویڈیو وائرل

ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل سے قبل محمد رضوان کی طبیعت خراب رہی تھی (فوٹو: ویڈیو گریب)
ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن میں اہم کردار ادا کرنے والے محمد رضوان نے بیماری کے باوجود سیمی فائنل کھیلا تو شائقین نے ان کے اس جذبے کو خوب سراہا۔
اگر چہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا سفر مکمل کر کے بنگلہ دیش کے دورے پر ڈھاکہ پہنچ چکی ہے جہاں میچز کا سلسلہ ابھی شروع ہونا باقی ہے تاہم محمد رضوان اپنی ایک منفرد سرگرمی کی وجہ سے اب بھی سوشل ٹائم لائنز پر نمایاں ہیں۔
دبئی ایئرپورٹ پر ہاتھ میں تکیہ تھامے محمد رضوان کی ایک مختصر وڈیو وائرل ہوئی ہے۔ ویڈیو میں محمد رضوان سے سوال کیا جاتا ہے کہ ان کے ہاتھ میں تکیہ کیوں رہتا ہے؟ تو جواب میں پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین کہتے ہیں کہ ’تکیہ ضروری ہے بھیا، حالات مشکل ہیں تھوڑے سے۔‘
اس موقع پر ان سے ان کی صحت کے متعلق پوچھا جاتا ہے جس کے جواب میں وہ بہتری کا بتاتے ہوئے ’دعاؤں کی درخواست‘ کرتے سنائی دیتے ہیں۔
ثقلین مشتاق اور پاکستانی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں سے ہونے والی اپنی گفتگو کے متعلق سوال کے جواب میں محمد رضوان نے بتایا کہ ’میری بات ہوئی تھی جس پر میں نے کہا تھا کہ ہم اور فوج ایک ہی جیسے ہیں، ہر وقت حاضر رہتے ہیں۔‘
چند گھنٹوں میں ہزاروں ویوز حاصل کرنے والی ویڈیو میں محمد رضوان کو قدرے کمزور دیکھ کر ان کی صحت کے متعلق پوچھا گیا تو پاکستانی کرکٹر کا کہنا تھا کہ وہ اب پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
حالیہ ویڈیو پہلا موقع نہیں جب محمد رضوان اور ان کا تکیہ کیمرے کے سامنے آیا اور گفتگو کا موضوع بنا ہو، اس سے پہلے بھی مختلف مواقع پر محمد رضوان اپنے تکیے کے ہمراہ دیکھنے والوں کے ذہنوں میں یہ سوال پیدا کر چکے ہیں کہ آخر وہ ہر موقع پر تکیہ اپنے ساتھ کیوں رکھتے ہیں۔
 
پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات سے بنگلہ دیش کے لیے روانہ ہوئی تو دبئی ایئرپورٹ پر طیارے میں سوار ہونے کے لیے جاتے ہوئے محمد رضوان اور ان کا تکیہ ایک مرتبہ پھر کیمرے کے سامنے آیا تو تصاویر اور ویڈیوز کی صورت سوشل ٹائم لائنز پر زیرگردش رہا۔
آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے محمد رضوان نے اپنے تکیے کے متعلق باقاعدہ طور پر کبھی کوئی بات نہیں کی البتہ ان کے قریبی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاعات سامنے آتی رہیں کہ اندرون ملک ٹورنامنٹ ہوں یا بیرون ملک مقابلے، پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین ہر جگہ اپنے گھر کا یہ تکیہ ہمراہ رکھتے ہیں۔

شیئر: