Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یہ قسمت میں تھا، ٹاس جیتنا ٹی20 ورلڈ کپ میں اہم رہا: فِنچ کا اعتراف

دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں پہلے باؤلنگ کرنے والی ٹیموں نے 13 میں سے 12 میچ جیتے۔ فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل سمیت سات میں سے چھ میچوں میں ٹاس جیتے اور وہ تسلیم کرتے ہیں کہ جیت میں ٹاس کا ’بڑا کردار‘ رہا ہے۔
اتوار کو آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دبئی میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 ورلڈکپ جیت لیا تھا۔ اس میچ میں مچل مارش نے ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے 77 رنز بنا کر ٹیم کو 18.5 اوورز میں 173 کے ہدف تک پہنچایا۔
اس ٹورنامنٹ میں ٹاس نے بہت اہم کردار ادا کیا۔
ہدف تک پہنچنے والی ٹیمیں متحدہ عرب امارات میں رات کو پڑنے والی اوس کی وجہ سے فائدے میں رہیں۔
دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں پہلے بولنگ کرنے والی ٹیموں نے 13 میں سے 12 میچ جیتے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹاس کے بارے میں ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ ’اس نے واقعی بڑا کردار ادا کیا۔ میں نے اس کی اہمیت کو جتنا ہو سکے نظر انداز کرنے کی کوشش کی کیونکہ مجھے لگا کہ ٹورنامنٹ میں کسی پوائنٹ پر میں ٹاس ہار جاؤں گا اور ہمیں پہلے بیٹنگ کرنی پڑے گی۔‘
’تاہم اس کا بڑا کرادار رہا۔ آپ نے آخر میں دیکھا کہ اوس پڑنے کی وجہ سے بولرز کو گیند کرانے میں مشکل پیش آئی۔ مجھے نہیں پتا میں نے (ٹاس جیتنا) کیسے کیا۔ شاید یہ قسمت تھی۔‘
فائنل میچ میں ایرون فنچ پانچ رنز بنا کر جلدی آؤٹ ہوگئے، لیکن مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر، جنہوں نے 53 رنز بنائے، نے دوسری وکٹ کے لیے 92 رنز بنائے اور پھر کامیابی سے ہدف کا تعاقب کیا۔
سیمی فائنل میں آسٹریلیا چار میچ جیت کر اور انگلینڈ کے ہاتھوں سپر 12 سٹیج میں ایک میچ ہار کر آیا۔ یہ واحد میچ تھا جس میں ایرون فنچ ٹاس ہارے تھے۔

شیئر: