Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی مل گئی

1996 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کو کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کا موقع ملا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو دے دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شیئر کی گئی اپ ڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی مل گئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے آئندہ ہونے والے چھ مختلف ایونٹس کی میزبانی کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ مل کر آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بھی بولی دی تھی۔
1996 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کو کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کا موقع ملا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے 2024 سے 2031 تک کے دس برسوں کے شیڈول کے مطابق پاکستان واحد ملک ہے جسے کسی ایونٹ کی تنہا میزبانی دی گئی ہے۔
انڈیا کو سب سے زیادہ تین ایونٹس کی میزبانی ملی ہے، ان میں سے ایک تنہا جب کہ دیگر دو میں وہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ میزبانی کرے گا۔

آئی سی سی شیڈول کے مطابق مردوں کی سفید بال کرکٹ کے آٹھ ایونٹس 14 مختلف ملکوں میں منعقد کیے جانے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے آئی سی سی کے اعلان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ’اہم عالمی ایونٹ پاکستان کے حوالے کرنا ہماری صلاحیت، استعداد کار اور انتظامی اہلیت پر کرکٹ باڈی کے مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم ماضی میں بھی اپنے اچھے میزبان ہونے کا ثبوت دے چکے ہیں اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ذریعے کھیل سے متعلق اپنے جذبے کا اظہار کریں گے۔‘
آئی سی سی ایونٹس کا 2024 سے 2031 تک شیڈول
سنہ 2024 کا ٹی20 ورلڈ کپ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔
سنہ 2025 کی چیمئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
سنہ 2026 میں ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی انڈیا اور سری لنکا کریں گے۔
سنہ 2027 میں ون ڈے انٹرنیشل ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہوگا۔
سنہ 2028 کے ٹی20 ورلڈکپ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے۔
سنہ 2029 کی چیمپئنز ٹرافی کا میزبان انڈیا ہوگا جبکہ سنہ 2030 کا ٹی20 ورلڈ کپ انگلینڈ، آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ کی میزبانی میں ہوگا۔
سنہ 2031 میں ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ کے میزبان انڈیا اور بنگلہ دیش ہوں گے۔

شیئر: