Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیرین ایئر کا اسلام آباد سے ریاض کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان 

سیرین ایئرلائن نے 2017 میں فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا (فائل فوٹو: شجی حسین)
پاکستان کی نجی فضائی کمپنی سیرین ایئر نے دسمبر سے سعودی دارالحکومت ریاض کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیرین ایئر کے مطابق چھ دسمبر سے اسلام آباد سے ریاض کے لیے فضائی آپریشن شروع ہورہا ہے۔  
ایئر لائن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اعلان کیا ہے کہ ’چھ دسمبر سے اسلام آباد سے ہفتہ وار دو پروازیں ریاض کے لیے شروع کی جارہی ہیں جن کے لیے ٹکٹ کی بکنگ شروع ہو گئی ہیں۔‘  
حکام کے مطابق چھ دسمبر سے پیر اور بدھ کو اسلام آباد سے ریاض کے لیے فلائیٹس چلائی جائیں گی۔ 
پاکستان کی نجی فضائی کمپنی سیرین ایئر نے اس سے قبل بھی دبئی، شارجہ، ریاض اور جدہ کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کیا تھا تاہم کورونا وبا کے باعث پروازیں منسوخ کردی تھیں۔  
 
واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کے قانون کے مطابق وہ افراد جنہوں نے مملکت سے جانے سے قبل ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہوں اور توکلنا ایپ پر ان کا سٹیٹس ’امیون‘ کا ہے وہ مملکت آسکتے ہیں جبکہ وہ افراد جو پابندی والے ممالک سے آنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ سہولت موجود ہے کہ وہ مملکت آنے سے قبل 14 دن کسی ایسے ملک میں قیام کریں جہاں سے مسافروں کے آنے پرپابندی نہیں ہےـ  
سیرین ایئرلائن نے 2017 میں پاکستان میں مقامی طور پر فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ سیرین ایئر کے فضائی بیڑے میں چار بوئنگ 737 اور ایک ایئر بس اے 330 شامل ہے  جبکہ ایئرلائن انتظامیہ نے حال ہی میں ایک اور ایئر بس اے 330 لیز پر حاصل کی ہے۔ 
 

شیئر: