Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش پہنچنے پر ’لوگ ہاتھ ہلا کر خوش آمدید کہہ رہے تھے‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ وہ جب بھی بنگلہ دیش آتے ہیں تو شائقین کی جانب سے سپورٹ ملتی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایک ویڈیو میں بابر اعظم کا بیان جاری کیا گیا ہے۔
بابر اعظم کہتے ہیں کہ ’بنگلہ دیش پہنچنے پر تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔ بس سے اترتے، ہوٹل جاتے ہوئے لوگ ہاتھ ہلا کر خوش آمدید کہہ رہے تھے۔ سٹیڈیم میں پریکٹس کے لیے جاتے ہوئے سڑکوں پر ہمارے لیے لوگ کھڑے ہیں۔‘
پاکستانی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کے کھلاڑی تجربہ کار ہیں۔ ’کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے، خاص طور پر بنگلہ دیش کی ٹیم کو اُن کے گراؤنڈز پر۔ جس طرح انہوں نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں غیرمعمولی کارکردگی دکھائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچوں میں مختلف کمبینیشن بنا کر میدان میں اتریں گے۔ ’فوکس اس پر ہے کہ جتنا ہمارا بینچ سٹرنتھ ہے اس کے مطابق منصوبہ بندی کر کے چلیں۔ ورلڈکپ میں جو کارکردگی دکھائی ہے اس کو برقرار رکھیں۔‘
بابر اعظم نے کہا کہ ’کافی اچھی بات ہے کہ شائقین اپنی ٹیم کے ساتھ ہمیں بھی سپورٹ کر رہے ہیں۔ جب بھی ہم بنگلہ دیش آتے ہیں تو سٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوتا ہے اور وہ دونوں ٹیموں کو داد دیتے ہیں۔ بطور ٹیم یہ ہمارے لیے کافی خوش آئند ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کووڈ کے بعد پہلی بار شائقین کی موجودگی میں سٹیڈیم میں کھیلنے کے لیے اتریں گے۔ ’اس لمحے کا ہم کافی عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔ امید ہے کہ شائقین بھی لطف اندوز ہوں گے اور ہم کوشش کریں گے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں۔‘
ٹی20 میچ کے لیے 12 رکنی ٹیم کا اعلان

ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 19 نومبر بروز جمعے کو شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میچ کے لیے اپنے 12 کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 19 نومبر بروز جمعے کو شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، خوشدل شاہ، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا اور تیسرا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ بھی بالترتیب 20 اور 22 نومبر کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔

شیئر: