انڈر 19 ورلڈ کپ: زمبابوے کو 8 وکٹوں سے ہرا کر پاکستان سُپر سکس مرحلے میں پہنچ گیا
جمعرات 22 جنوری 2026 17:00
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان انڈر 19 کی جانب سے علی رضا نے تین وکٹیں حاصل کی (فوٹو: آئی سی سی)
زمبابوے میں جاری آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے میزبان زمبابوے کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سُپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
جمعرات کو ہرارے میں زمبابوے کے 128 رنز کا ہدف پاکستان نے 27ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس 74 رنز کی اننگز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ علی رضا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 36 اوورز میں 128 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان انڈر 19 کی جانب سے سمیر منہاس 74 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ان کے علاوہ عثمان خان نے 26 اور احمد حسین نے 24 رنز بنائے جبکہ علی حسن بلوچ تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
زمبابوے انڈر 19 کی جانب سے پاناشے مزائی اور مائیکل بلیگناٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
زمبابوے کی اننگز
زمبابوے انڈر 19 کی جانب سے ناتھنئیل ہلابنگانا 59 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ برینڈن سینزیری نے 15، شیلٹن مازوِٹوریرا 12، تاتندا چیموگورو نو، پاناشے مزائی سات، کوپاکواشے مورادزی چھ، لیروئے چیواولا پانچ، مائیکل بلیگناٹ پانچ اور سمباراشے مودزینگیرے رے نے ایک رن بنایا جبکہ کیان بلیگناٹ اور دھروو پٹیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان انڈر 19 کی جانب سے علی رضا نے تین، محمد صیام، عبدالسبحان اور مومن قمر نے دو دو جبکہ احمد حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
