Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ستر سالہ سعودی نے سکول میں داخلہ لے لیا

چاچا صالح سماجی رابطہ وسائل کو اچھا خاصا وقت دیتے ہیں- (فوٹو: سبق)
کہتے ہیں کہ علم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی- انسان زندگی کی آخری سانس تک سیکھتا ہے- 
سعودی عرب کی صبیا کمشنری کے  ایک 70 سالہ معمر شہری صالح مفرح المصغری نے  یہ  بات اس وقت سچ ثابت کردی جب انہوں نے ثانوی سکول کی دوسری جماعت میں داخلہ فارم جمع کرایا- 
سبق ویب سائٹ  کے مطابق المصغری، صبیا کے  آل مشحنۃ ایجوکیشن کمپلیکس میں تعلیم حاصل کرنے والے سب سے معمر سٹوڈنٹ ہیں- 
المصغری کا مقصد نہ کوئی عہدہ حاصل کرنا ہے اور نہ ہی تعلیم کے ذریعے کسی پیشے کا انتخاب بلکہ ان کا صرف ایک مقصد ہے اور وہ ہے تعلیم مکمل کرنا- 
المصغری نے بتایا کہ جب میں نے آل مشحنۃ ایجوکیشن کمپلیکس کے پرنسپل کو ثانوی سکول کی دوسری جماعت کے داخلے کا فارم پیش کیا تو انہوں نے خوش دلی سے خیرمقدم کیا اورمیرا حوصلہ بڑھایا- انہیں تعلیم مکمل کرنے کے حوالے سے میرا عزم اچھا لگا- 
معمر شہری المصغری نے صبیا میں محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن خرمی کا بھی شکریہ ادا کیا- ان کا کہنا ہے کہ ان کے تعاون کی بدولت ہی مجھے تعلیم مکمل کرنے کا موقع ملا ہے- 
یاد رہے کہ چاچا صالح المصغری ایک عسکری ادارے میں ملازم تھے وہاں سے ریٹائر ہوچکے ہیں- وہ سوشل میڈیا کےشوقین ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر سماجی رابطہ وسائل کو اچھا خاصا وقت دیتے ہیں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: