Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایم ایف معاہدہ: ’پٹرولیم لیوی کو ہر ماہ چار روپے بڑھایا جائے گا‘

مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ہر ماہ پٹرولیم لیوی چار روپے بڑھایا جائے گا اور اس کو 30 تک پہنچایا جائے گا۔
پیر کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ  آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر ملیں گے۔
 ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے مذاکرات میں کہا گیا کہ اصلاحات پر عمل کریں جس سے کم آمدنی والے افراد کی مشکلات میں کسی حد تک اضافہ ہو گا تاہم ان کو ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم نے حکومت کی جانب سے عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کے پروگراموں کو سراہا۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ لوگ معاہدے کے حوالے سے پوچھتے لیکن وہ بتاتے نہیں تھے تاہم انڈیکیشن ضرور دیتے تھے۔
 
بقول ان کے ’میں انہیں بتاتا تھا کہ ترجیحی اقدامات ہوں گے، جس میں سپلیمنٹری فنانس کی صورت میں جی ایس ٹی ریفارمز ہوں گی۔‘ 
سٹیٹ بینک کے ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کی مںظوری پارلیمنٹ سے لینا ہو گی۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ اگلے چند ماہ بجلی کے ٹیرف میں اضافہ نہیں ہوگا، اس کے بعد شاید کرنا پڑے (فوٹو: پی آئی ڈی)

شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ٹیکس ریفارمز جاری رکھنے کا کہا گیا ہے جبکہ کووڈ وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت میں آنے والی بہتری کو بھی آئی ایم ایف کی جانب سے تسلیم کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق انہوں نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ ٹیرف بڑھانا مسئلے کا حل نہیں ہے۔
اس موقع پر وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں اضافہ اگلے چند ماہ تک نہیں ہو گا اس کے بعد شاید کرنا پڑے۔

شیئر: