Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: ٹریفک حادثات میں 14 افراد ہلاک، ’بس میں آگ لگنے سے کئی مسافر زندہ جل گئے‘

عینی شاہد محمد بخش کے مطابق تصادم کے بعد آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث مسافر کوچ میں پھنس گئے (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
بلوچستان میں دو مختلف سڑک حادثات میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے پر پیش آنے والے حادثے کے بعد دونوں متاثرہ گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
پولیس کے مطابق پہلا حادثہ جمعرات کی صبح بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کی تحصیل اورماڑہ سے تقریباً 60 کلومیٹر دور تاجی کور کے مقام پر پیش آیا جہاں گوادر کو کراچی سے ملانے والی مکران کوسٹل ہائی وے پر مسافر کوچ اور گیس باؤزر آپس میں ٹکرا گئے۔
حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ تربت سے کراچی  جبکہ گیس باؤزر کراچی سے گوادر کے راستے پاک ایران سرحد کی جانب جارہا تھا۔ پولیس کے مطابق مسافر بس میں 50 کے لگ بھگ افراد سوار تھے۔
کوسٹل ہائی وے پولیس کے ایس پی محمد اسلم بنگلزئی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’تصادم کے فوراً بعد مسافر کوچ اور گیس باؤزر دونوں میں آگ بھڑک اٹھی جو تیزی سے پھیل گئی۔‘
ان کے بقول ’آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ متاثرہ گاڑیوں میں سوار افراد کو نکالنے میں مشکلات پیش آئیں اور امدادی کارروائیوں میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔‘
ان کے مطابق ’حادثے میں 10 افراد ہلاک ہوئے ان میں بس میں سوار تین بچوں سمیت آٹھ مسافر جبکہ گیس باؤزر کے دو ڈرائیور شامل ہیں۔ تمام افراد کی لاشیں نکال کر ہسپتال منتقل کردی گئیں۔‘
ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس کے مطابق ’27 زخمیوں کو ریسکیو کرکے اورماڑہ کے درمان جاہ ہسپتال اور پسنی کے پاک عمان ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ بعض معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ریسکیو آپریشن میں کوسٹل ہائی وے پولیس، پاک نیوی، ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کی ٹیموں نے حصہ لیا۔‘
اسلم بنگلزئی نے بتایا کہ ’حادثے میں جھلسنے کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔‘
ایک عینی شاہد محمد بخش نے ٹیلی فون پر بتایا کہ ’تصادم کے بعد آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث مسافر کوچ میں پھنسے افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اس دوران بس سے مدد کے لیے پکارنے اور چیخنے کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں تاہم باؤزر کے پھٹنے کے ڈر سے لوگ قریب نہیں جارہے تھے اور کئی مسافر زندہ جل گئے۔‘
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع واشک کی تحصیل بسیمہ میں بھی ٹریفک کا ایک حادثہ پیش آیا جہاں کنو کے مقام پر  بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مزدا ٹرک اور مسافر بس کے درمیان تصادم ہوا۔
حادثے میں دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال بسیمہ منتقل کیا گیا۔
سول ہسپتال بسیمہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نور اللہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہسپتال میں چار لاشیں اور پانچ زخمیوں کو لایا گیا ہے۔‘
ان کے مطابق ’زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک تھی جسے مزید علاج کے لیے خضدار منتقل کر دیا گیا۔‘
حکام کے مطابق دونوں واقعات کی وجوہات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

شیئر: