ایس سی او: ’تہذیبی مکالمے کا فورم‘ کیا ہے جس میں شرکت کے لیے پاکستانی وزیر دہلی جائیں گے؟
جمعرات 19 نومبر 2026 12:27
صالح سفیر عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان کے وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے ’تہذیبوں کے مکالمے کے فورم‘ میں شرکت کے لیے آج نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں وہ تین روزہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
جمعرات کو پاکستان کے دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر مصدق ملک انڈیا کے وزیرِ ثقافت و سیاحت کی دعوت پر اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں اور وہ 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے اس تین روزہ فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ مئی 2023 کے بعد یہ پاکستان کے کسی بھی وزیر کا انڈیا کا پہلا دورہ ہے جو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے کثیرالجہتی فورم میں شرکت کے موقع پر ہو رہا ہے۔
مصدق ملک کا دورۂ انڈیا: پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کیا بتایا؟
پاکستان کے وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کے انڈیا میں ایس سی او کے فورم میں شرکت پر دفتر خارجہ کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ وفاقی وزیر فورم سے خطاب کے دوران تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اہمیت اور اس ضمن میں پاکستان کی سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر مصدق ملک اپنے بیان میں شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے تعمیری کردار اور ملک کے متنوع تہذیبی و ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد فورم کے مختلف موضوعاتی اجلاسوں میں حصہ لینے کے علاوہ سائیڈ لائنز پر تنظیم کے دیگر رکن ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان سال 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل (ایس سی او سی ایچ ایس) کا موجودہ چیئرمین ہے، اور اسی حیثیت میں آئندہ برس پاکستان میں ہونے والی سربراہی کانفرنس سے قبل متعدد وزارتی اور ماہرین کی سطح کے اجلاسوں کی میزبانی بھی کرے گا۔
جب اردو نیوز نے پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان سے یہ سوال کیا کہ آیا اس دورے کے دوران ڈاکٹر مصدق ملک کی کسی انڈین عہدیدار یا اپنے ہم منصب سے ملاقات متوقع ہے، تو انہوں نے اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ تاہم اردو نیوز کو دستیاب معلومات کے مطابق فی الحال ایسی کسی ملاقات کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم ’تہذیبی مکالمے کا فورم‘ کیا ہے؟
نئی دہلی میں ہونے والا شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت تہذیبی مکالمے کا پہلا فورم ہے، جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی، فن و ادب، تاریخی روابط اور عوامی سطح پر باہمی تفہیم کو فروغ دینا ہے۔
یہ تین روزہ فورم 20 سے 22 نومبر تک جاری رہے گا، جس میں رکن ممالک، مبصر ریاستوں اور ڈائیلاگ پارٹنرز کے مندوبین ثقافتی اور مکالماتی موضوعات پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
چونکہ یہ تہذیبی مکالمہ فورم اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے، اس لیے اس کے مستقبل کے باقاعدہ وقفے یا تسلسل کے حوالے سے ابھی کوئی مستقل روایت قائم نہیں ہوئی۔ تاہم شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر کثیرالجہتی اجلاس اور سربراہی نشستیں تنظیم کے طے شدہ سالانہ اور گردشی نظام کے تحت منعقد کی جاتی ہیں، جن میں رکن ممالک علاقائی اور موضوعاتی ایجنڈے کے مطابق شریک ہوتے ہیں۔
مئی 2023 کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا پہلا دورۂ
پاکستان کے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور انڈیا کے درمیان دوطرفہ سفارتی و تجارتی تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں، اور گزشتہ برس پہلگام حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی عسکری و سفارتی کشیدگی کے نتیجے میں دونوں ممالک کے روابط مزید نچلی سطح پر آ گئے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مئی 2023 میں پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انڈیا کی ریاست گوا میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی تھی، جو قریباً 12 برس بعد کسی پاکستانی وزیرِ خارجہ کا پہلا دورۂ تھا۔
دوسری جانب انڈیا کا اعلیٰ ترین وزارتی دورہ اکتوبر 2024 میں دیکھنے میں آیا تھا جب وزیر وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد آئے تھے، جو قریباً نو برس بعد کسی انڈین وزیرِ خارجہ کا پہلا دورۂ پاکستان تھا۔
تاہم دونوں ممالک نے ان دوروں کو دوطرفہ مذاکرات کی بحالی کا ذریعہ بنانے کے بجائے اپنی شرکت کو صرف علاقائی تنظیم کے ایجنڈے تک ہی محدود رکھا تھا۔
سفارتی مبصرین کے مطابق اگرچہ ڈاکٹر مصدق ملک کا حالیہ دورہ بھی خالصتاً شنگھائی تعاون تنظیم کے ایک کثیرالجہتی فورم کے تحت ہو رہا ہے اور اس کے ایجنڈے میں دوطرفہ مذاکرات شامل نہیں ہیں، تاہم کشیدہ ماحول میں وزارتی سطح کی یہ آمد و رفت خطے میں سفارتی رابطوں کے دروازے کھلے رکھنے کے حوالے سے اہم تصور کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب انڈیا میں پاکستانی وزیر کی نئی دہلی آمد پر حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ڈاکٹر مصدق ملک کے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بیانات بھی زیرِ بحث آ رہے ہیں۔
تاہم انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو اس فورم میں شرکت کی دعوت تنظیم کے طے شدہ ضوابط کے تحت دی گئی ہے، جس کی میزبانی انڈیا کی وزارتِ ثقافت اور وزارتِ خارجہ مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔