Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ربیعہ احسن کی موت ایک حادثہ تھا‘، اہلِ خانہ کی معافی کے بعد ملزم احسن کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں 92 نیوز کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے اہلِ خانہ نے اُن کے شوہر اور ملزم کو معاف کردیا ہے جس کے بعد مقامی عدالت نے احسن طاہر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی ہے۔
جمعرات کو راولپنڈی کے ایڈیشنل سیشن جج خُرم سلیم نے ملزم احسن طاہر کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کی اور فریقین کے دلائل و بیانات سننے کے بعد ملزم کو دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کرلی۔
متوفیہ کے اہلِ خانہ کا عدالت میں بیان اور حلف نامہ
سماعت کے دوران متوفیہ ربیعہ احسن کی والدہ اور بہن علوینہ عدالت میں پیش ہوئیں اور ملزم احسن طاہر کو معاف کرنے کا بیان ریکارڈ کروایا۔ 
اس موقعے پر ربیعہ احسن کے بھائی اور مدعی خُرم احمد کی جانب سے ان کی وکیل صبا فراز راجا عدالت میں پیش ہوئیں۔
مدعی فریق کی جانب سے عدالت میں جمع کروایا گیا حلف نامہ بھی منظرِ عام پر آگیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ واقعہ ایک حادثہ تھا اور ملزم نے جان بوجھ کر ربیعہ احسن پر فائر نہیں کہا۔
حلف نامے کے متن کے مطابق متوفیہ کی بہن کی جانب سے کہا گیا کہ ’میں نے اپنے طور پر مکمل تسلی کر لی ہے کہ ملزم احسن نے میری ہمشیرہ کو قتل نہیں کیا۔‘
ان کے مطابق ’یہ ایک حادثہ تھا جس میں ربیعہ احسن کی جان چلی گئی، لہٰذا میں نے ملزم احسن طاہر کو فی سبیل اللہ معاف کر دیا ہے۔‘
عدالتی کارروائی کے دوران اہلِ خانہ کے بیانات اور حلف نامے کو ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا، جس کے بعد عدالت نے ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرنے کے احکامات جاری کیے۔

شیئر: