Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کو اردن کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ پیش

  عمان .... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو منگل کوسربراہان ریاست کےلئے مخصوص اردن کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ پیش کیا گیا ۔شاہ سلمان نے عمان کے میدان الرایہ میں منگل کو شاندار فوجی پریڈ دیکھی ۔ اس کا اہتمام انکے دورہ اردن کی مناسبت سے کیا گیا تھا۔ میدان الرایہ میں شاہی کاررواں پہنچنے پر گھوڑوں کے شاہی دستے نے انہیں اپنے جلو میں لے لیا۔ 42توپوں کی سلامی دی گئی۔ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔2ہیلی کاپٹر سعودی عرب اور اردن کے قومی پرچم لہراتے ہوئے اسٹیج کے سامنے سے گزرے۔ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ ثانی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو الشریف الحسین بن علی ہار پیش کیا ۔ یہ اردن کی ہاشمی بادشاہت کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ہے جو غیر ملکی بادشاہوں اور صدور کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ خادم حرمین شریفین نے خیر مقدمی قصیدے پیش کرنے پر اردن کے دو شاعروں ”عید المساعید “ اور ”فہد العظامات “ کو خراج تحسین سے نوازا۔ دونوں شاعروں نے اردن اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات اور تمام شعبوں خصوصاً سیاسی امور میں بہترین رشتوں کا دلپذیر انداز میں تذکرہ کیا تھا۔فوجی پریڈ کے موقع پر متعدد سعودی شہزادے ، وزراء اور اعلیٰ عہدے دار بھی موجود تھے۔ شاہ سلمان کا جنوری 2015ءمیں اقتدار سنبھالنے کے بعد اردن کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ دریں اثناءعمان کے ایوان صنعت وتجارت کے صدر زیاد الحمصی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں مملکتوں کے درمیان مثالی اقتصادی تعلقات استوار ہیں اور خادم الحرمین الشریفین کے دورے سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا۔ اردن کے وزیر آباد کاری و روزگار سامی ھلہ نے اردن میں 10ہزار مکانات پر مشتمل شہر تعمیر کرانے اور الزرقا عمان روڈ کے لئے 220ملین ڈالر عطا کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ یہ روڈ 110کلو میٹر طویل ہوگا۔

شیئر: