Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ میچز میں بھی مومینٹم برقرار رکھیں گے: بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف تینوں میچوں میں شائقین نے بہت سپورٹ کیا جس کا سب نے لطف اٹھایا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے ویڈیو بیان میں بابر اعظم نے رواں سال میں 17 ٹی 20 میچ جیتنے پر خوشی کا اظہار بھی کیا ہے۔
’تسلسل کے ساتھ کامیابی اچھی لگتی ہے یہ پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔‘
ان کے مطابق کورونا کے دنوں میں سٹیڈیم میں شائقین کو مس کیا، تاہم اب پابندیاں کھل رہی ہیں۔
انہوں نے موجودہ ٹیم کو پُرجوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں میں ہم آہنگی ہے، ایک دوسرے پر یقین رکھتے ہیں اور اپنے اپنے کردار کے حوالے سے کلیئر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈنگ اور مڈل آرڈر میں کافی محنت کی جس کا پھل کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نظر آ رہا ہے۔
'کھلاڑیوں کو جو بھی ذمہ داری دی گئی ہے اس کو وہ بھرپور انداز میں نبھا رہے ہیں۔'
بابر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ جب تسلسل کے ساتھ چیزیں بہتر ہوں تو نتائج آپ کے حق میں آتے ہیں۔
کپتان کے مطابق ’انٹرنیشنل میچ میں آپ کو مارجن نہیں ملتا، آپ جہاں بھی غلطی کریں، دوسری ٹیم میچ لے جائے گی۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ چانس دوسروں کو بھی ملنا چاہیے، سب اچھا پرفارم کرنا چاہتے ہیں، مگر کرکٹ ہے، اپ اینڈ ڈاؤن ہوتا رہتا ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم نے کورونا کے دنوں میں میچز کے دوران شائقین کو بہت مس کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اپنے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ خود پر یقین رکھتے ہیں اور کوشش یہی ہوتی ہے کہ بہتر سے بہتر کارکردگی دکھائی جائے۔
انہوں نے بنگلہ دیش میں فتح کو تمام کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے اپنی ذمہ داریوں کو خوب نبھایا۔
انہوں نے محمد رضوان، خوش دل شاہ اور فخر زمان کو سراہا جبکہ حیدر علی کے بارے میں کہا کہ انہوں نے میچ کے آخر میں آ کر اننگ بنائی۔
آنے والے میچوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت درست سمت میں جا رہے ہیں اور اسی طرح تسلسل کے ساتھ اچھا کھیلتے رہیں تو بہتر رزلٹ آتے رہیں گے۔
ٹیسٹ میچوں میں بھی اسی مومینٹم کو برقرار رکھیں گے۔

شیئر: